سعودی سفیر کی وفاقی وزیر اوورسیز ساجد طوری سے ملاقات
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوتو: وزارت سمندر پاکستانیز)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ساجد حسین طوری سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جمعرات کو وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی جب اسلام آباد میں وفاقی وزیر کے دفتر پہنچے تو انہوں نے گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ عقیدے، ثقافت اور سٹریٹیجک شراکت داری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب میں پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور روزگار کے مزید مواقع فراہم کیے جانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ساجد حسین طوری نے سعودی عرب میں نیوم سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے افرادی قوت میں پاکستانی کوٹے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’اس پروجیکٹ میں مختلف ہنرمند اور غیر ہنرمند ملازمتوں کے لیے پاکستانیوں کے لیے معیار ترقی یافتہ ممالک کی نسبت زیادہ کھلا ہونا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو ملازمت کے مواقع مل سکیں، اس سے پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔‘
ساجد طوری کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت کا مزید مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانے پر متفق ہے۔
انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سعودی عرب کے تعاون کو بھی سراہا۔