Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد

راجا پرویز اشرف نے حزب اختلاف کے اراکین کے اکثریت کی حمایت حاصل ہونے پر راجا ریاض احمد کا بطور اپوزیشن لیڈر تقرر کیا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن راجا ریاض احمد کی بطور قائد حزب اختلاف تقرر کی درخواست منظور کرلی ہے۔ 
جمعے کو راجا پرویز اشرف نے قائد حزب اختلاف کے تقرر کی منظوری قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 39 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروے کار لاتے ہوئے دی۔
قائد حزب اختلاف کے لیے درخواست کی وصولی کے لیے جمعے کو دن تین بجے کا وقت مقرر تھا۔
قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی کے راجا ریاض احمد اور جی ڈی اے کے غوث بخش خان مہر نے اپنی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
راجا ریاض احمد کی درخواست پر 16 اپوزیشن ارکان جبکہ غوث بخش خان مہر کی درخواست پر 6 ممبران کے  دستخط موجود تھے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت حزب اختلاف کے اراکین کے اکثریت کی حمایت حاصل ہونے پر راجا ریاض احمد کا بطور اپوزیشن لیڈر تقرر کیا۔
واضح رہے کہ راجا ریاض کا تعلق پی ٹی آئی کے ان 20 منحرف اراکین سے ہے جو گذشتہ حکومت کے آخری ایام میں اس سے الگ ہو گئے تھے اور انہوں نے اسمبلی سے استعفے بھی نہیں دیے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں وزیراعظم آئینی طور پر نگراں وزیراعظم، چیئرمین نیب اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے پابند ہیں۔

شیئر: