Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی خبر درست نہیں‘

وفاقی وزیر کے مطابق ’اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے سے متعلق بہتر پلان لا رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: قومی اسمبلی ٹوئٹر)
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کرنے کی خبر درست نہیں ہے۔‘
جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے سے متعلق بہتر پلان لا رہے ہیں۔‘
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ترمیمی بل کے براہ راست ووٹنگ کے مقابلے میں نیا طریقہ کار لایا جائے گا جو بیرون ملک مقیم  پاکستانیوں کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوگا۔
’ان کے  اپنے ممالک سے منتخب نمائندے ان ہی ملکوں میں بیرون ملک مقیم افراد کو جواب دہ ہوں گے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ بہتر طریقے سے کام کرسکیں گے۔‘
 وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’ہم تارکین وطن کی ووٹنگ کا بہتر طریقہ کار لانے کے لیے کام کر رہے ہیں، اور اس حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔‘
حکومت کی جانب سے متعلقہ ممالک میں نئے حلقوں کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے، جس کے تحت قومی اسمبلی میں تارکین وطن کے لیے الگ نشستیں مختص کی جائیں گی۔‘
ساجد طوری کے مطابق اوورسیز پاکستانیز ان ممالک سے ہی اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جو حکومت میں ان کی نمائندگی کرسکیں گے۔

شیئر: