Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کی عدالت نے غیر ملکی کارکن کو 12 لاکھ درہم معاوضہ دلوادیا 

کارکن گودام کی چھت سے گرنے کے باعث معذور ہوگیا تھا(فوٹو ٹوئٹر) 
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی کی فیملی اینڈ سول عدالت نے گودام کی چھت سے گرنے والے غیر ملکی ملازم کو کمپنی کے مالک سے 12 لاکھ درہم معاوضہ دلایا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق کمپنی کے مالک نے ملازمین کی سلامتی کے لیے مقرر انتظامات سے لاپروائی برتی تھی۔  ایشیائی کارکن گودام کی چھت سے گرنے کے باعث معذور ہوگیا تھا۔ 
ملازم نے کمپنی کے خلاف دعوی دائر کرکے مطالبہ کیا تھا کہ گودام کی چھت سے گرنے پر جو مالی، ذہنی اور سماجی نقصان ہوا ہے اس کا تدارک کیا جائے۔ 50 لاکھ درہم معاوضے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
 عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد کمپنی کے مالک کو حکم دیا کہ وہ متاثرہ کارکن کو 12 لاکھ درہم کا معاوضہ ادا کرے۔ عدالت نے موقف اختیار کیا کہ ملازم کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کا ذمہ دار کمپنی کا مالک ہے۔ ڈیوٹی کے دوران ممکنہ طور پر پیش آنے والے خطرات سے بچاؤ کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا۔
عدالت نے اس حوالے سے میڈیکل رپورٹ کو بھی بنیاد بنایا جس میں ملازم کے دعوے کی تصدیق کی گئی تھی کہ  واقعہ سلامتی وسائل کا انتظام نہ ہونےکی وجہ سے پیش آیا۔
 رپورٹ میں کہا گیا کہ’ گودام کی چھت سے گرنے پر ملازم کی دماغی صلاحیت 40 فیصد متاثر ہوئی۔ بائیں آنکھ کی بینائی سے پچاس فیصد تک چلی گئی۔ بائیں کان سے سماعت 50 فیصد تک ختم ہوگئی۔ چہرے کا بایاں حصہ مفلوج ہوگیا جبکہ ایک آنکھ 35 فیصد تک متاثر ہوئی ہے‘۔
 

شیئر: