Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خصوصی کمیٹی کا اجلاس، عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے پر مشاورت

کمیٹی نے مزید مشاورت کے لیے اجلاس اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔ (فوٹو: وزارت داخلہ)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے پر مشاورت کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ، وزیر برائے اکنامک افئیرز سردار ایاز صادق،اور وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور آئی جی اسلام آباد پولیس ناصر اکبر سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے کمیٹی کو پی ٹی آئی کے 25 مئی کے لانگ مارچ اور وفاق پر حملے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزارت داخلہ کے مطابق ’کابینہ کمیٹی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ کے خلاف سی آر پی سی کی دفعہ 124 اے کے تحت بغاوت کا مقدمہ درج کرنے پر مشاورت کی۔‘
کمیٹی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ شرکا بلخصوص عمران خان اور اور خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ کے وفاق پر مسلح حملے سے متعلق شواہد کا جائزہ لیا۔‘
سیکریٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد نے بھی کمیٹی اراکین کو امن امان اور لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا عمران خان نے سپریم کورٹ کے 25 مئی کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی کی۔ (فوٹو: وزارت داخلہ)

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کمیٹی کو بتایا ’25 مئی کو دارالحکومت اسلام آباد کو یرغمال بنانے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ عمران خان نے کنٹینر سے تقریریوں کے ذریعے اشتعال انگیزی اور کارکنان کو وفاق کے خلاف نفرت پر اکسایا۔‘
پی ٹی آئی لانگ مارچ کے شرکاء مسلح تھے ان کے ساتھ اسلحہ بردار فورس تھی جس کا مقصد وفاق پر چڑھائی تھا۔‘
وفاقی وزیر داخلہ نے کمیٹی کو بتایا ’تقریباً 2500 شرپسند افراد کو منصوبہ بندی کے تحت 25 مئی سے پہلے ہی اسلام آباد پہنچایا گیا۔‘
ان شرپسند عناصر نے عمران خان کی آمد سے قبل ہی ڈی چوک پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔‘
انہوں نے کہا عمران خان نے سپریم کورٹ کے 25 مئی کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کمیٹی کو بتایا ’25 مئی کو دارالحکومت اسلام آباد کو یرغمال بنانے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی۔‘ (فوٹو: وزارت داخلہ)

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا میری اس کمیٹی سے استدعا ہو گی کہ ان شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے عمران خان کے خلاف سی آر پی سی کی دفعہ 124 اے کے تحت بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے لیے وفاقی کابینہ کو منظوری کی سفارش کرے۔
وفاقی کابینہ کو حتمی سفارشات پیش کرنے کے لیے کمیٹی نے مزید مشاورت کے لیے اجلاس اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔ اگلا اجلاس چھ جون کو طلب کیا گیا ہے۔

شیئر: