سعودی وزیر داخلہ نے حج ایمرجنسی پلان کی منظوری دے دی
حج ایمرجنسی پلان مختلف سرکاری ادارے مل کر نافذ کریں گے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیزبن سعود بن نایف نے اس سال حج ایمرجنسی پلان کی منظوری دی ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اعلی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ حج ایمرجنسی پلان مختلف سرکاری ادارے مل کر نافذ کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان العمرو نےبتایا کہ ’حج ایمرجنسی سکیموں کو ہر سال بہتر بنایا جاتا ہے‘۔
شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد کی ہدایت ہے کہ ’عازمین حج کی سلامتی و امن کو یقینی بنانے، حج کے کاموں کی ادائیگی میں سہولت پیدا کرنے اور مسجد نبوی کی زیارت کو آسان بنانے کے لیے جو انتظامات ضروری ہوں وہ معیاری شکل میں کیے جائیں‘۔
سلیمان العمرو نے کہا کہ ’حج ایمرجنسی پلان مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منی، مزدلفہ اور عرفات میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے درکار تمام ضروری تدابیر پر مشتمل ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ‘ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے جو مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں اور گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے جو مدینہ منورہ کی مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ ہیں اور ان کے نائبین حج پر آنے والوں کے تحفظ کے لیے مقرر سکیموں پر عمل درآمد کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں‘۔