Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سیزن کے آرٹ پرومیناڈ میں سوق السبت کا انعقاد

یہاں زائرین ڈیجیٹل کی دنیا سے نکل کر مختلف مصنوعات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ آرٹ پرومیناڈ، جدہ سیزن کے نو زونز میں سے ایک ہے، اس زون میں ہفتہ واری سوق السبت کا انعقاد  کیا جا  رہا ہے  جس میں مختلف  فنکاروں اور تخلیق کاروں کو اپنے ہنر کی نمائش کا موقع دیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس زون میں مقامی باشندوں کو دعوت دی گئی ہے کہ  ہاتھ سے تیار کردہ منفرد سامان، مختلف ڈیزائن کردہ دستکاریاں اور دیگر مصنوعات یہاں تک کہ گھر کے بنے ہوئے کھانوں کا سٹال لگا کر بھی شرکت کر سکتے ہیں۔

 کوئی بھی ہمارے بوتھ کے پاس سے گزرا، اس کا ردعمل مثبت رہا  ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اس دعوت کا مقصد خاص طور پر یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہاں پر آنے والے زائرین ڈیجیٹل دنیا کی حدود سے باہر نکل کر نت نئے تجربات کے ساتھ  مختلف مصنوعات سے مستفید ہو سکیں۔
اپنا ہنر پیش کرنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد 'مطلوب' پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس پورٹل میں جدہ سیزن کے تمام ایونٹس میں دستیاب مواقع کی تفصیلات درج ہیں۔
جدہ  آرٹ پرومیناڈ میں موجود فیشن ڈیزائنر لوجین سیری جو ایک سٹال چلا رہی ہیں ان کا کہنا ہے کہ میں نے ایک سکیچ بک بنائی ہے جو یہاں آنے والے ڈیزائنرز کے لیے گائیڈ کے طور پر کام کر رہی ہے۔ اس میں کپڑوں کے متعلق بتایا گیا ہے۔

جو افراد دستکاری کے فن سے منسلک ہیں وہ یہاں آ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

فیشن ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ سوق السبت میں میرے کام کی نمائش کے لیے اچھی جگہ ہے۔ میں نے جو مصنوعات تیار کی ہیں وہ یہاں ویک اینڈ پر آنے والوں کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔
یہاں موجود ایک  ڈیزائنر کمپنی کے سیلزایگزیکیٹو وجدان فلاتہ  کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پورے اہل خانہ جو فن  دستکاری سے منسلک ہیں انہیں مشغول رکھنے  کے لیے سوق السبت میں آئے ہیں۔
وجدان کا کہنا ہے کہ ہم آرٹ اور دستکاری فروخت کرتے ہیں لیکن ہم نے اس سوق میں شامل ہونے کا فیصلہ اس لیے بھی کیا کیونکہ بہت سے لوگ اور بچے یہ نہیں جانتے کہ انہیں آرٹ اور دستکاری کا شوق ہے۔

گھریلو مصنوعات تیار کرنے والے خاندانوں کے لیے یہاں مواقع ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ہم ایسے افراد کو اس پلیٹ فارم سے مناسب قیمت پر مٹی کے برتن یا پینٹنگز کے دیگر آلات پر اپنا ہنر آزمانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سوق السبت کا انعقاد گھریلو مصنوعات تیار کرنے والے خاندانوں کے لیے یہاں آ کر مختلف سرگرمیوں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
یہاں آنے والا  کوئی بھی زائر جو ہمارے بوتھ  کے پاس سے گزرتا ہے اس کا ردعمل مثبت رہا ہے اور اس نے ہمارے یہاں دکھائی جانے والی آرٹ اور دستکاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدہ سیزن کا آرٹ پرومیناڈ زون اس قسم کی بہت سی سرگرمیوں کے لیے موزوں ترین ہے کیونکہ یہ زون بحراحمر کے ساحل پر ہے اور یہاں بہت سے زائرین ریستوران میں پسند کے کھانوں سے لطف اٹھانے، خریداری کرنے اور لائیو پرفارمنس دیکھنے آ رہے ہیں۔
 

شیئر: