Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حسنین پر پابندی ختم، ’ایک مرتبہ پھر جگمگانے کا وقت‘

ٹی20 لیگ بگ بیش میں کھیلتے ہوئے محمد حسنین کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا تھا (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
کسی کھلاڑی پر اس کے کھیل کے عروج پر پابندی لگ جائے تو یہ ایک بہت بڑا صدمہ ہوتا ہے۔
وہی میدان شجر ممنوع ہوجاتے ہیں جہاں کھیلنے کے لیے آپ نے برسوں جدوجہد کی ہوتی ہے۔
رواں سال پاکستان کے بولر محمد حسنین کو بھی اسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب آسٹریلیا کی ٹی20 لیگ بِگ بیش میں کھیلتے ہوئے ان کا ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا تھا۔
اس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے دوران محمد حسنین کو تمام طرز کی کرکٹ سے معطل کر دیا گیا تھا۔
محمد حسنین گذشتہ کئی ماہ سے مسلسل اپنے ایکشن پر کام رہے تھے۔ ان پر لگنے والی پابندی کو بالآخر چار ماہ بعد جمعرات کو ہٹا دیا گیا۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نوجوان بولر اب دوبارہ سے بین الاقوامی مقابلوں میں بولنگ کر سکتے ہیں۔

اس خبر کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محمد حسنین اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح اپنی خوشی کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔
یاسر شیخ نامی ایک صارف کہتے ہیں ’محمد حسنین واپس آگئے ہیں۔ سپیڈ سٹار نے اپنا ایکشن بہتر بنا لیا ہے جس وجہ سے ان کا بولنگ ایکشن قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔‘

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی فاطمہ ثنا نے کہا ’مبارک ہو جوان۔ ایک مرتبہ پھر سے جگمگانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔‘

محمد حسنین کی واپسی کی خبر سن کر ایمن کہتی ہیں ’یا اللہ تیرا شکر ہے۔‘

زینت نامی صارف نے لکھا ’خوش آمدید چیمپ۔‘

کرک انفو کے مطابق محمد حسنین نے بازو کے خم کو 24-17 ڈگری زاویے سے کم کر کے 13-12 ڈگری پر کر لیا ہے جو قانونی ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قانون کے مطابق بولر کو صرف 15 ڈگری کے زاویے کے اندر گیند کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ 15 ڈگری کے زاویے سے زیادہ بولنگ پر بولر پر پابندی نافذ کر دی جاتی ہے۔

شیئر: