’کیوایس‘ رینکنگ میں سعودی جامعات کی تعداد میں اضافہ
سعودی عرب کی 16 جامعات 2023 کے لیے بین الاقوامی جامعات کی کیو ایس درجہ بندی کے گراف میں شامل ہوگئیں۔ 2019 میں مملکت کی 9 جامعات کیو ایس کا حصہ تھیں۔ 7 کا اضافہ ہوا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کیو ایس نے 2019 کے آغاز سے گزشتہ 5 برس کے دوران عالمی جامعات کی فہرست میں سعودی عرب کی مزید 7 جامعات کو شامل کیا ہے۔ ہر سال اس کی فہرست میں سعودی جامعات کا اضافہ ہوتا رہا ہے۔
2020 کے دوران سعودی جامعات کی تعداد 10 تھی ۔ اس کے بعد 2021 میں گیارہ جامعات اور 2022 میں ان کی تعداد 14 تک پہنچ گئی جبکہ 2023 کے لیے جاری ہونے والی عالمی جامعات کی فہرست میں سعودی یونیورسٹیوں کی تعداد 16 تک پہنچ گئی۔
کیو ایس کی درجہ بندی میں کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کو سعودی عرب کی تمام جامعات پر سبقت حاصل ہے۔ کنگ فہد پٹرولیم اینڈ منرل یونیورسٹی اور کنگ سعود یونیورسٹی کا نمبر اس کے بعد ہے۔ کیو ایس نے الفیصل یونیورسٹی اور الحدود الشمالیہ یونیورسٹی کو پہلی بار عالمی جامعات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
اگر سعودی عرب کی مزید 6 یونیورسٹیاں کیو ایس کی فہرست میں جگہ بنا لیتی ہیں تو ایسی صورت میں مملکت دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیاں رکھنے والے ممالک کی فہرست میں آجائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کیو ایس کی درجہ بندی اہمیت رکھتی ہے۔ یہ عالمی جامعات میں جن یونیورسٹیوں کو شامل کرتی ہے ان کے لیے ضروری ہے کہ ان کی پہچان اچھی ہو۔ دنیا بھر کے سکالرز کی نظر میں ان کی اہمیت ہو۔ کیو ایس سکالرز کے تاثرات لینے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ماہرین سے استصواب رائے کرتا ہے۔