’براہماستر‘ کا ٹریلر جاری، کیا فلم میں شاہ رخ خان بھی ہیں؟
ہدایت کار ایان مکھرجی کے مطابق ’براہماستر‘ انڈسٹری کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوگی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین فلم ’براہماستر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے اور ٹوئٹر پر شاہ رخ خان کے مداح یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کے پسندیدہ سپرسٹار بھی اس ہارر مووی میں جلوہ گر ہیں تاہم شاہ رخ یا فلم کے ڈائریکٹر نے اس حوالے سے تصدیق نہیں کی۔
بالی وڈ کے ہدایت کار ایان مکھرجی کی فلم میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ٹریلر میں آگ سے بنی ایک بلا کو بھی دکھایا گیا ہے اور بلا سے لڑتے سپر ہیرو کی بھی جھلک ہے۔
فلم کا انتظار کرنے والے مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ کردار شاہ رخ نے ادا کیا ہوگا۔
خیال رہے کہ ہدایت کار ایان مکھرجی نے کہا تھا کہ انہیں امید ہے فلم براہماسترا انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ان کے کیریئر کی بھی کامیاب ترین فلم ہوگی۔
کیا اس فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان ہیں یا نہیں، یہ تو اس کے سنیما میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا مگر ٹوئٹر پر فلم بین کہہ رہے ہیں کہ ریلیز کیے گئے ٹریلیر میں انہوں نے دو مرتبہ شاہ رخ خان کی جھلک دیکھی ہے۔
سنجنا ٹھاکر نامی ایک ٹوئٹر صارف نے ٹریلر کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا یہ شاہ رخ خان ہیں؟
آرب نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹریلر کے دو سکرین شاٹ شیئر کر کے لکھا گیا کہ ’مجھے نہیں لگتا بائیں جانب والا شاہ رخ خان ہے لیکن دائیں جانب والی تصویر میں اس کی 90 فیصد شبیہہ ہے۔‘
سکشم نام کے ٹوئٹر ہینڈل نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’مجھے 110 فیصد یقین ہے کہ یہ شاہ رخ خان ہیں۔‘
مرفی آر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے سوالیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ ہنومان کے روپ میں آرہے ہیں؟
ٹوئٹر پر یوسف کے نام سے موجود شاہ رخ خان کے ایک اور مداح نے لکھا کہ ان کو بھی یقین ہے کہ فلم کے ٹریلر میں ان کے پسندیدہ اداکار ہی ہیں۔