جب سعودی بچی نے لیڈی ڈیانا کے لباس کی تعریف کی
لیڈی ڈیانا خلیجی ممالک کے 6 روزہ دورے میں مملکت آئی تھیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
لیڈی ڈیانا کے ساتھ 1986 میں ملاقات کرنے والی 5 سالہ سعودی بچی بسمہ کی تصویر سوشل میڈیا پروائرل ہے۔ سعودی لڑکی نے گلاب کا تحفہ پیش کرتے ہوئے یہ کہہ کر لیڈی ڈیانا کا دل جیت لیا تھا ’آپ کا ڈریس توبہت پیارا ہے۔‘
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ زھیر محمد مسعود نے بتایا کہ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا نے 1986 میں جدہ بندرگاہ کا دورہ کیا تھا۔ میری عمر اس وقت 5 برس تھی۔ لیڈی ڈیانا اور ان کے شوہر شہزادہ چارلس کو گلاب کا تحفہ پیش کیا تھا۔
بسمہ زھیر محمد مسعود نے بتایا کہ وہ اب جدہ یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے دارالحکمہ یونیورسٹی سے گریجویشن اور پھر جرمنی سے ماسٹرز اور برطانیہ سے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔
سعودی خاتون نے بتایا کہ انہوں نے لیڈی ڈیانا سے ملاقات کے موقع پر اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، ان میں اس وقت جدہ اسلامی بندرگاہ کے ڈائریکٹر جنرل زھیر محمد مسعود بھی نظر آرہے ہیں جو میرے والد ہیں۔ وزیر ہشام ناظر اور جدہ بندرگاہ کے کسٹم ڈائریکٹر جنرل منصور عبد الغفار بھی نظر آ رہے ہیں۔
بسمہ نے بتایا کہ لیڈی ڈیانا نے گلاب کا تحفہ بے حد پیار سے لیا تھا۔ اس موقع پر میں نے کہا تھا کہ ’آپ کا ڈریس تو بے حد پیارا ہے۔‘
اس کے بعد میں لیڈی ڈیانا کی خوبصورت شخصیت کو فالو کرتی رہی۔ اپنا البم ان کی تصاویر سے سجا رکھا ہے۔ جب بڑی ہوئی تو لیڈی ڈیانا سے میرا پیار مزید بڑھ گیا اور جب وہ حادثے کا شکار ہوئیں تو مجھ سمیت پورا خاندان رنجیدہ ہو گیا تھا۔
بسمہ زھیر محمد مسعود نے بتایا کہ انہیں لیڈی ڈیانا کے ساتھ یادگاری تصاویر بے حد عزیز ہیں۔ لیڈی ڈیانا سے ملنے پر فخر ہے اورمیں ان لمحات کو سلام کرتی ہوں جب انسانیت نواز شخصیت لیڈی ڈیانا سے میری ملاقات ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس نومبر 1986 میں خلیجی ممالک کے 6 روزہ دورے پر نکلے تھے اور وہ اس دورے میں سعودی عرب بھی آئے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں