سعودی عرب کی طرف سے الحریری کے قاتلوں کے خلاف لبنانی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم
حملے میں رفیق الحریری سمیت 22 افراد ہلاک ہوئے تھے( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب نے دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے 2 ارکان کے خلاف لبنان میں خصوصی ٹربیونل کے متفقہ فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق خصوصی ٹربیونل نے حزب اللہ کے دو ارکان کو لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق الحریری پر دہشت گردانہ حملے کا ذمے دار قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ 2005 میں ہونے والے حملے میں رفیق الحریری سمیت 22 افراد ہلاک اور226 زخمی ہوئے تھے۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ’ وہ ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کی سرگرمیوں سے لبنان اور اس کے عوام کو نجات دلانے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’عالمی برادری لبنان سے متعلق بین الاقوامی فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے کام کرے اور بے قصور شہریوں کے قتل میں جان بوجھ کر حصہ لینے والے مجرموں کا تعاقب کیا جائے‘۔
سعودی عرب کا کہنا ہےکہ ’دہشت گردانہ حملے سے لبنان میں ایسی انارکی پھیلی جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔ ذمے دار عناصر کو گرفتار کرکےعدالت کے حوالے کیا جائے۔ لبنان اور اس کے عوام کو جو گزشتہ کئی عشروں سے ان کی دہشت گردانہ سرگرمیوں سے مشکل میں ہیں بحرانوں سے نجات دلائی جائے‘۔