Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تجھ کو قسم ہے میری نہ آنا ہاتھ خالی دبئی جانے والے‘

یہ گانا دہائیوں پہلے پاکستانی پشتون گلوکار جاوید اختر نے گایا تھا۔ (تصویر: یوٹیوب سکرین شاٹ)
’تجھ کو قسم ہے میری نہ آنا ہاتھ خالی‘ دہائیوں پہلے پاکستانی پشتون گلوکار جاوید اختر نے گایا تھا اور اس گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسے جاوید اختر کے بعد درجنوں اور گلوکاروں نے بھی گایا۔
اس گانے کو پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے پروگرام ’ففٹی ففٹی‘ میں گایا تھا لیکن اس میں مزاح کے رنگ ڈالنے کے لیے اس کے بول کچھ تبدیل کردیے تھے۔
بشریٰ انصاری نے جب یہ گانا گایا تو اس کے بول کچھ یوں ہوگئے ’تجھ کو قسم ہے میری نہ آنا ہاتھ خالی، دبئی جانے والے کہتی ہے یہ گھر والی۔‘
’ففٹی ففٹی‘ کے اس سیگمنٹ میں انہوں نے یہ گانا اسماعیل تارہ کے لیے گایا تھا جو نوکری کے حصول لیے دبئی جا رہے تھے۔
دہائیوں بعد یہ گانا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور یہی وجہ ہے کہ بشریٰ انصاری کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک ہے۔
اس گانے کے وائرل ہونے کی وجہ یہ ہے کہ بشریٰ انصاری نے اسے ایک بار پھر گنگنایا اور اس کی ویڈیو اپنے اکاؤنٹ سے انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس کا مقصد متحدہ عرب امارات سے اپنی محبت کا اظہار کرنا تھا۔
بشریٰ انصاری یہ گانا گنگنانے کے بعد کہتی ہیں کہ ’متحدہ عرب امارات سے ہمارے بہت پرانے تعلقات ہیں، بہت پیار بھرے اور ہم سب کی بڑی بڑی اچھی اچھی یادیں ہیں۔ بہت سے لوگوں کا روزگار وہاں سے جڑا ہوا ہے۔‘
بشریٰ انصاری کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بھی ایک بڑی تعداد اس گانے کو خود گانے کے بعد ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہی ہے۔
ٹوئٹر پر زہرہ نامی صارف نے لکھا کہ انہوں نے ’دبئی جانے والے‘ ٹرینڈ دیکھا اور سوچا کہ کیوں نہ اس کا حصہ بنا جائے۔
ڈاکٹر آمنہ جمال نامی صارف نے بھی اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا کہ وہ بشریٰ انصاری کو خراج تحسین پیش کر رہی ہیں۔
واضح رہے بشریٰ انصاری نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کم عمری میں 1950 کی دہائی میں کیا تھا اور اپنے چھ دہائیوں سے زیادہ پر محیط کیریئر میں وہ متعدد ایوارڈز جیت چکی ہیں جس میں صدارتی ایواڈ برائے حسن کارکردگی بھی شامل ہے۔

شیئر: