سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کے نگران اعلٰی فیصل معمر نے لائبریری کی بڑی بلڈنگ میں قلمی نسخوں، دستاویزات، نایاب تصاویر، کتابوں، نقشوں اور رسائل میں خرابی کو درست کرنے والے سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سینٹر میں جلد سکوں اور تاریخی اشیا میں پیدا ہونے والی خرابی ٹھیک کرنے کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔

دستاویزات اور قلمی نسخوں نیز قدیم اشیا میں خرابی کو ٹھیک کرنے کی ماہر سعودی خواتین سینٹر کی نگران بنائی گئی ہیں۔ سینٹر میں جدید ترین آلات موجود ہیں۔
کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے سینٹر کے اہلکاروں کو مملکت کے اندر اور باہرخصوصی کورس کرائے ہیں۔
علاوہ ازیں سینٹر کی لیباریٹری کے ہر شعبے کے لیے مختص کارکن خواتین کی ٹریننگ کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

سینٹرمیں اعلٰی معیار اور خصوصیات کے حامل آلات فراہم کیے گئے ہیں مثلاً اوزون سے جراثیم کش روم، زہریلے اور گھٹن پیدا کرنے والی گیسز کو جذب کرنے والا کیبن، خودکارسسٹم کے تحت خرابی دور کرنے والا آلہ، لیژر کٹنگ مشین قابل ذکر ہیں۔
یہ سینٹر قلمی نسخوں، دستاویزات، فلموں اور تصاویر کو جراثیم سے پاک کرنے، جلد سازی اور ٹوٹ پھوٹ کو ٹھیک کرنے جیسی سہولتیں فراہم کرے گا۔
