انگلینڈ کے اوپننگ بیٹسمین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ کی نمائندگی کرنے والے جیسن روئے کے ایک بیان پر انڈین میڈیا کی رپورٹنگ سوشل میڈیا صارفین کے زیرِبحث ہے اور اس پر تنقید کی جا رہی ہے۔
دو دن قبل جیسن روئے نے ’سکائی نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ذہنی طور پر میرے لیے کچھ چیزیں درست نہیں تھیں۔ پی ایس ایل کے دوران عجیب صورتحال تھی کیونکہ میں اچھی کرکٹ کھیل رہا تھا لیکن اس سے لطف اندوز نہیں ہو رہا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں خوش نہیں تھا اور وہ ایک تاریک وقت تھا۔‘
انڈین میڈیا کی جانب سے ان کے اس بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر رپورٹ کیا گیا۔
خیال رہے جیسن روئے پی ایس ایل 2022 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے تھے، جہاں انہوں نے صرف چھ میچ کھیل کر ایک سینچری اور دو نصف سینچریوں کی مدد سے 303 رنز بنائے تھے۔
مزید پڑھیں
-
’شاداب کا پاگل مداح‘، کرکٹر نے کھیل روک کر گلے لگا لیاNode ID: 676486
-
’انڈیا پڑوسیوں کا حق جان لے، کرکٹ سیریز ہونی چاہیے‘Node ID: 678126
جیسن روئے کے پورے انٹرویو کو اگر ایک نظر پڑھا جائے تو ایک بات واضح ہوتی ہے کہ وہ پی ایس ایل کی برائی نہیں کررہے تھے بلکہ وہ کورونا وائرس کے دوران ہوٹلوں میں طویل قرنطینہ اور خاندان سے دوری پر پریشان تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت مہینوں [خاندان سے] دور تھا۔ ایک سال پہلے ہی 50 سے زائد دن ہوٹل میں گزارے اور پھر جنوری میں میرے بچے کی پیدائش ہوئی اور اس سے دور وقت گزارنا مشکل تھا۔‘
اسی وجہ سے انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی کھیلنے سے معذرت کرلی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے گھر میں کچھ وقت گزارنے کے لیے آئی پی ایل چھوڑی اور اس سے میرے دماغ اور جسم میں تازگی پیدا ہوئی۔‘
پاکستانی صحافی عرفہ فیروز نے جیسن روئے کے حوالے سے انڈین میڈیا کی کوریج پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’انڈین میڈیا جیسن روئے کے پی ایس ایل کے حوالے سے بیان پر تنازع کھڑا کرنے کی ناکام کوششں کر رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’جیسن روئے ذہنی صحت اور کورونا وائرس کے ببل کی بات کر رہے تھے۔‘
Indian media making a failed attempt to build controversy with the statement of Jason Roy regarding PSL. He was in general talking about mental health disturbed due to bubble. Atleast Roy played PSL but completely opted out from IPL because IPL could've worsened his mental health
— Arfa Feroz Zake (@ArfaSays_) June 20, 2022
کچھ صارفین نے انڈین صحافیوں کو یہ بھی یاد دلایا کہ ’جیسن روئے نے پی ایس ایل مکمل کی تھی جبکہ آئی پی ایل انہوں نے بیچ میں ہی ادھوری چھوڑ دی تھی۔‘
اسماعیل مدنی نامی صارف نے لوگوں کو یاد دلایا کہ ’جیسن روئے نے یونس خان کے ساتھ پاکستان میں ایک سم کارڈ کے اشتہار میں بھی کام کیا تھا پی ایس ایل سے قبل۔‘