Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں دوست کے مویشی چوری کرکے فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

بکرا منڈی کے بیوپاروں نے پولیس کو ملزم کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ (فوٹو: اردو نیوز)
کوئٹہ میں دوست کے قربانی کے جانور چوری کرکے سستے داموں فروخت کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
عمران خان نامی شخص نے 9 جون کو پولیس تھانہ ہنہ میں کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ  کلی راغہ سے 96 عدد مال مویشی چوری ہونے کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر واقع بکرا منڈی میں بیوپاریوں نے دیکھا کہ ایک شخص 40 اور 45 ہزار روپے قیمت رکھنے والے دنبوں اور بکروں کو محض پندرہ بیس ہزار روپے میں فروخت کر رہا ہے تو انہیں معاملہ مشکوک لگا اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس عبدالحمید نامی شخص کو 90 بکروں اور دنبوں کے ہمراہ پکڑ کر تھانے لے گئی اور تحقیقات شروع کی تو معلوم ہوا کہ یہ مال مویشی چوری کے ہیں۔
پولیس تھانہ ہنہ کے ایس ایچ او گل محمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ گرفتار ملزم عبدالحمید مویشیوں کے مالک عمران خان کا دوست ہے۔ واردات والی رات عمران نے دوست کے لیے دعوت بھی کی تھی تاہم وہ دعوت کھانے نہیں آیا تھا۔
عمران نے پولیس کو بتایا کہ ’اس نے یہ جانور ملزم عبدالحمید کی مدد سے کچھ عرصہ پہلے خریدے تھے تاکہ عیدالاضحیٰ پر فروخت کرکے منافع کما سکیں۔‘

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبدالحمید مویشیوں کے مالک عمران خان کا دوست ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)

عمران کے مطابق اس نے جانور پہاڑی علاقے میں واقع فارم پر رکھے تھے جہاں ان کی دیکھ بھال ایک چراوہا کرتا تھا۔ 9 جون کو رات کے اندھیرے میں چار نامعلوم افراد چرواہے کو رسیوں سے باندھ کر سارے جانور لے گیا۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالحمید کی نشاندہی پر واردات میں ملوث اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی دو کی تلاش جاری ہے۔

شیئر: