Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کی عقبہ بندرگاہ پر زہریلی گیس کا اخراج ، 12 افراد ہلاک،251 متاثر

علاقے کو فوری طور پر خالی کرالیا گیا۔ صورتحال کنٹرول میں ہے(فوٹو عرب نیوز)
اردن کی عقبہ بندر گاہ پر زہریلی کلورین گیس کےاخراج سے کم از کم 12 افراد ہلاک اور 251 سے زیادہ  متاثر ہوئے ہیں جو ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ 
اردن کے سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ ’زہریلی گیس کے اخراج کے بعد بندرگاہ کے متاثرہ حصے پر کام روک دیا گیا۔ عقبہ کے جنوبی ساحل کو جو ایک اہم سیاحتی مقام ہے کو خالی کرا لیا گیا ہے۔‘
دھماکے کی شدت نے پورٹ پر کھڑے ٹرک کو بندرگاہ کے کنارے کی طرف دھکیل دیا اور پیلے رنگ کی گیس کے بادل چھا گئے۔ بندرگارہ کے کارکن اپنی جان بچانے کےلیے بھاگ کھڑے ہوئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب جبوتی کو برآمد کی جانے والی 25 ٹن کلو رین گیس سے بھرا ایک ٹینک ٹینکر پر منتقلی کے دوران گر گیا۔
وڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کرین ٹرک سے گیس سے بھرے ٹینک کو اوپر اٹھاتی ہے اور ٹینک بندرگاہ پر لنگرانداز ٹینکر کےعرشے پر گرتا ہے اور دھماکے سے پھٹ جاتا ہے۔

بندرگاہ پر خصوصی ٹیمیں صورتحال سے نمٹ رہی ہیں( فوٹو: ٹوئٹر)

عقبہ کے گورنر کا کہنا ہے کہ ’علاقے کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔ صورتحال کنٹرول میں ہے۔‘
خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’عقبہ بندرگاہ پر روزمرہ کے کام کے دوران زہریلی گیس سے بھرا ہوا ایک ٹینکر منتقلی کے دوران گر گیا جس سے گیس کا اخراج ہوا ہے۔ خصوصی ٹیمیں صورتحال سے نمٹ رہی ہیں۔‘
 ایک وڈیو فوٹیج میں ٹینکر سے گیس کے اخراج کے بعد  گہرے پیلے دھوئیں کو اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مقامی نے عقبہ کے شہریوں سے کہا ہے کہ ’وہ گھر کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں‘۔
عقبہ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال عبیدات کا کہنا ہے کہ’ شہر کے ہسپتال گنجائش پوری ہونے پر بھر گئے ہیں۔ متاثرین کے علاج کے لیے فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ  گیس لکیج سے دم گھٹنے کے کیسز کو صحت کے مراکز بھیجا جا رہا ہے۔
اردن میں سینے کے امراض کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد حسن الطراونۃ نے کہا کہ’ ٹینکر سے خارج ہونے والی گیس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کلورین ہے جو انتہائی زیریلا مادہ ہے۔ گیس قریبی علاقوں کو بھی متاثر کرسکتی ہے‘۔
وزیر اطلاعات فیصل الشبول نے بتایا کہ ’اردن کے وزیر اعظم  ڈاکٹر بشر الخصاوی نے  واقعہ کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے‘۔

شیئر: