آبادی میں 2.6 فیصد کمی، کورونا کے دوران غیرملکی چلے گئے
سعودی عرب کی آبادی میں کمی کی بڑی وجہ چھ فیصد تک غیرملکیوں کی تعداد میں کمی ہے( فوٹو عکاظ)
سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ 2021 کے وسط تک سعودی عرب کی آبادی میں 2.6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب کی آبادی میں کمی کی بڑی وجہ چھ فیصد تک غیرملکیوں کی تعداد میں کمی ہے۔ کورونا وبا کے دوران غیرملکی مملکت سے چلے گئے تھے۔
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ ’اسی مدت کے دوران سعودیوں کی تعداد میں 1.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔‘
کل آبادی میں مردوں کا تناسب 56.8 فیصد اور خواتین کا تناسب 43.2 فیصد رہا۔ مردوں کی تعداد 19.4 ملین اورخواتین کی تعداد 14.7 ملین ہے۔
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ ’2019 میں سعودی آبادی کی تعداد 34.2 ملین سے بڑھ کر 2020 کے دوران 35.0 ملین تک پہنچ گئی تھی۔‘
2021 کے دوران مجموعی آبادی گھٹ کر 34.1 ملین ہوگئی۔ یہ اعدادوشمار2021 کے وسط تک کے ہیں۔