ایام حج میں حجاج کے لیے طبی احتیاطی تدابیر
حجاج کرام پانی اورجوسز کا استعمال زیادہ کریں(فوٹو، ٹوئٹر)
شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی نے عازمین حج کو’سن اسٹروک‘ اور’زہرخورانی ‘ سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اخبار24 کے مطابق کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کی جانب سے عازمین حج کے لیے احتیاطی تدابیرکے حوالے سے کہا ہے کہ ایام حج میں حجاج کرام اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ امسال حج کے دوران موسم غیر معمولی طورپرگرم رہے گا۔
دھوپ کی تمازت سے بچنے کےلیے لازمی ہے کہ حجاج کرام خیموں سے باہر جاتے وقت چھتری کا استعمال لازمی کریں۔ چھتری کا انتخاب کرتے وقت اس امر کا خیال رکھا جائے کہ چھتری ہلکے رنگ کی ہواور اسکا پھیلاو مناسب ہو۔
کھلی دھوپ میں زیادہ دیر نہ ٹہریں۔ ضروری کاموں کےلیے جانا ہوتو چھتری اورپانی کی بوتل ضرور اپنے ساتھ رکھیں تاکہ وقت ضرورت استعمال کیاجاسکے۔
زہرخورانی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام غیر معیاری کھانے سے اجتناب برتیں خاص کرکھلے مقامات پررکھا ہوا کھانا استعمال نہ کریں۔
تازہ کھانا کھائیں اگرکھانا بچ جائے تو اسے محفوظ طریقے سے فریج میں رکھیں۔ باہر رکھا ہوا کھانا گرم موسم کی وجہ سے جلد خراب ہوجاتا ہے۔
فریج میں رکھی ہوئی ایسی خوراک کو جسے گرم کرنا ضروری ہواسے ٹھنڈی حالت میں استعمال نہ کیاجائے۔ کھانے کو فریج میں رکھنے سے قبل اسے قدرے ٹھنڈا ہونے دیں اس کے بعد فریج میں رکھاجائے۔
گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے پانی اور جوسز کا استعمال زیادہ کریں۔ جوس والے پھل اورلسی کا استعمال زیادہ کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔