جدہ سیزن کا اختتام، 60 دن میں نئے ریکارڈ، 60 لاکھ وزیٹرز
جدہ سیزن کا اختتام، 60 دن میں نئے ریکارڈ، 60 لاکھ وزیٹرز
ہفتہ 2 جولائی 2022 18:07
سیزن کا مقصد لوگوں کوتفریح کے بہترین مواقع میسرکرنا تھا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ سیزن 60 روز جاری رہنے کے بعد سنیچر2 جولائی کو ختم ہوگیا۔
سیزن میں 60 لاکھ سے زائد شائقین نے شرکت کی جن میں 129 ممالک کے سیاح شامل تھے۔
سبق نیوز کے مطابق جدہ سیزن مئی 2022 کو شروع ہوا تھا اس ضمن میں مختلف مقامات پرتفریحی سرگرمیاں جاری رہیں۔ سرکس، آتشبازی ، ڈرامے، ٹیبلوز، لائیو شوز، سفاری ودیگر تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔
جدہ سیزن میں اندرون مملکت سے بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی جبکہ بیرون مملکت سے بھی خصوصی طورپرسیزن میں شرکت کرنے کے لیے سیاح پہنچے تھے۔
دومئی 2022 کوشروع ہونے والے جدہ سیزن نے ہرطرح سے ریکارڈ کامیابیاں حاصل کیں۔ سیزن میں پیش کیے جانے والے رنگا رنگ پروگرام ہرطبقہ عمر اور مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والوں کی دلچسپی کا باعث تھے۔
جدہ سیزن کا مقصد زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگوں کوتفریح کے بہترین مواقع میسرکرنا تھا۔
جدہ سیزن 2 کی ایک اورکامیابی یہ رہی کہ اس سال جدہ سیزن میں سعودی مرد وخواتین نے بھرپورحصہ لیا اور بہترین انتظامی صلاحیت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ جدہ سیزن میں مجموعی کارکنوں میں سعودی اہلکاروں کا تناسب 80 فیصد تھا جو سعودائزیشن کی مہم مثالی کامیابی ہے۔
سیزن میں 76 ہزار روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے تھے جن سے سعودیوں کو روزگار کے منفرد مواقع میسرآئے۔
جدہ سیزن کے ڈائریکٹر جنرل نواف قمصانی کا کہنا ہے کہ’ سیزن آغاز سے اختتام تک کامیاب رہا‘۔
بعض تفریحی سرگرمیاں جو جدہ سیزن کا حصہ تھیں وہ سال بھرجاری رہیں گی ان میں امیرماجد پارک، جدہ آرٹ پرومیناڈ، جدہ جنگل، یاٹ کلب، دا ویلیج اور جدہ تاریخی قصبہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جدہ سیزن نے رنگا رنگ پروگرام سے لطف اٹھانے کا موقع فراہم کرنے کے لیے تاریخ کے دروازے کھولے ہیں۔
وزیٹرز کو جدہ شہر کے ایک، ایک حصے میں محفوظ انمول ثقافتی نوادر سے متعارف ہونے کے مواقع ملے۔
جدہ کا تاریخی علاقہ قدیم عمارتوں سے مالا مال ہے۔ یہاں بعض عمارتیں چارسو برس پرانی ہیں۔
ان میں جدہ کی فصیل اور اس کے تاریخی محلے مثلا المظلوم، الشام، الیمن اور البحر محلے قابل ذکر ہیں۔