غلاف کعبہ عید الاضحی کے روز حوالے کیا جائے گا (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اس سال غلاف کعبہ عید الاضحی کے روز کلید برداروں کے سربراہ کے حوالے کیا جائے گا اور یکم محرم 1444ھ کو نیا غلاف چڑھایا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ایوان شاہی سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ’اس سال غلاف کعبہ 10 ذی الحجہ عید الاضحی کو کلید بردار کعبہ کے سربراہ کے حوالے کیا جائے اور نیا غلاف یکم محرم کو پرانے کی جگہ چڑھایا جائے‘۔
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’سعودی قیادت کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے حوالے سے خدمات کا معیار بلند سے بلند تر ہوتا رہے۔ سعودی قیادت خانہ کعبہ سے خاص عقیدت رکھتی ہے‘۔
اسی تناظر میں غلاف کعبہ کی تیاری، پرانے غلاف میں ترمیم، مرمت، تزئین اور پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف کعبہ لگانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان خانہ کعبہ سے غیر معمولی عقیدت رکھتے ہیں۔ سعودی قیادت اس بات کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتی ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے کہا کہ’ حرم شریف اور اس کے زائرین کا اعزاز و اکرام سعودی عرب کا فخر ہے‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحجہ کو اس وقت تبدیل کیا جاتا تھا جب اندرون مملکت اور بیرونی دنیا سے حج پر آنے والے میدان عرفات میں وقوف کے لیے جمع ہوتے تھے اور مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی تھی۔