لاہور میں بیٹھے شخص کی نوکری ہے تمہیں جتوانا لیکن وہ بھی ناکام ہوگا: عمران خان
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’مجھ پر 15 نہیں 1500 مقدمات درج کرا دو میں تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گا‘ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مجھ پر 15 نہیں 1500 مقدمات درج کرا دو میں تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔‘
بدھ کو ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں حلقہ پی پی 202 میں ضمنی الیکشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’یہ جو مرضی کرلیں 17 جولائی کو ہم 20 کی 20 نشستیں جیتیں گے۔‘
’لاہور میں بیٹھے شخص کی نوکری ہے تمہیں جتوانا لیکن وہ بھی ناکام ہوگا، جتنے بھی امپائر ساتھ ملا لیں انہیں پھر بھی شکست دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حمزہ شہباز کو جتوانے کے لیے لاہور میں بیٹھے شخص کو چیلنج ہے، ضمنی الیکشنز میں تمہیں ہرا کر دکھائیں گے۔‘
’امپائر بھی ان کے ساتھ مل جائیں تب بھی یہ نہیں جیت سکتے، میں نے کرکٹ کے دور میں انڈیا میں انڈیا کو اس کے امپائروں کی موجودگی میں شکست دی، جنتی بھی دھاندلی کرلیں یہ نہیں جیت سکتے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ایک سازش کے تحت چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، قوم لوٹوں کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے، امپورٹڈ حکومت کے لوٹے بھی نامنظور ہیں۔‘
’بے ضمیر الیکشن کمیشن ان کے ساتھ مل کر انہیں جتوانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
’یہ دھاندلی کریں گے لیکن انہیں دھاندلی نہیں کرنے دینی، ووٹنگ کے دن ہم ہر ایک پولنگ سٹیشن پر 10، 10 نوجوان رکھیں گے، حمزہ شہباز تم جو مرضی کر لو ہم الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف لندن میں بیٹھ کر خوش ہو رہا ہے، مریم نواز جھوٹوں کی شہزادی ہیں جن سے سچ ہی نہیں بولا جاتا، حلیم عادل شیخ کو جیل میں ڈال دیا ہے، مراد علی شاہ جیسا کرپٹ آدمی صوبے کا وزیراعلٰی بنا ہوا ہے۔‘