عازمین حج رکنِ اعظم کی ادائیگی کے لیے عرفات میں، مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ
عازمین حج رکنِ اعظم کی ادائیگی کے لیے عرفات میں، مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ
جمعہ 8 جولائی 2022 7:11
سعودی عرب میں حج کے لیے موجود 10 لاکھ عازمین آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے میدان عرفات میں موجود ہیں، جہاں 14 سو سال قبل پیغمبر اسلام نے اپنا آخری خطبہ دیا تھا۔
مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور دانشور شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے دیا ہے۔
شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے خطبے میں کہا ہے کہ ’اللہ کا حکم ہے کہ جہالت اور بے وقوفی کا مقابلہ کرنے کے لیے درگزر کو اختیار کریں اور نیک کام کی تعلیم دیں اور ان سے دور ہو جائیں۔ بس آپ صبر کریں کہ یقیناً اللہ کا وعدہ سچا ہے۔ آپ کو وہ لوگ ہلکا اور بے صبرہ کریں گے جو یقین نہیں رکھتے، یعنی اس بات سے متبنہ رہیں کہ وہ آپ کو جھگڑوں اور ان کے نتائج کی جانب کھینج کر نہ لے جائیں۔‘
جمعرات کو عازمین مسجد الحرام سے منٰی کی وادی میں پہنچے تھے۔
وہاں تک جانے کے لیے سات کلومیٹر کا سفر کچھ عازمین نے پیدل طے کیا جبکہ بعض بسوں کے ذریعے پہنچے، انہوں نے ایئرکنڈیشنڈ خیموں میں رات گزاری۔
مناسک حج کا آغاز جمعرات کو ہوا تھا، اس برس سعودی عرب نے10 لاکھ مقامی اورغیرملکی عازمین کو حج کی اجازت دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کو لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا۔
پاکستانی عازمین حج
حج ڈرائریکٹر ساجد منظور اسدی نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ تمام پاکستانی عازمین کو عرفات منتقل کردیا گیا ہے۔
میدان عرفات میں پاکستانی عازمین کے خیمے جبل رحمت کے بالکل قریب ہیں۔ تمام پاکستانی عازمین خیریت سے ہیں اور کوئی حادثہ نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ عازمین کی بڑی تعداد خطبہ حج سننے کے لیے مسجد نمرہ روانہ ہوچکی ہے جبکہ بعض لوگ جبل رحمت کی طرف روانہ ہوئے ہیں۔
نماز کے بعد وقوف عرفہ ہوگا جہاں عازمین پاکستان کے لیے خصوصی عائیں کریں گے۔
ہسپتال اور طبی مراکز
سعودی عرب کی حکومت نے زائرین حج کی صحت اور سکیورٹی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رکھے ہیں۔
وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 ہسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔
اسی طرح منٰی میں 26 طبی مراکز بنائے گئے ہیں، جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والوں کے لیے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لیے 25 ہزار افراد پر مشتمل طبی عملہ بھی موجود ہے۔
منٰی کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ ہیں۔ یہ اے سی کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔
حاجی حضرات 10، 11 ، 12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منٰی میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی 13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے انتظامات
سعودی ریلوے لائن کمپنی ’سار‘ نے کہا ہے کہ حج 1443ھ کے لیے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمدورفت کے لیے ٹرین انتظامات کیے گئے ہیں۔
تجرباتی طور پر ٹرین منیٰ سے مزدلفہ اور عرفات اور وہاں سے منیٰ کا سفر کیا گیا۔ ان مقامات پر ٹرین کے 9 سٹیشن ہیں۔ تین عرفات، تین مزدلفہ اور تین منیٰ میں ہیں۔ آخری سٹیشن جمعرات پل کی چوتھی منزل پر ہے۔
مسجد الحرام میں 250 دیوہیکل ’پھوار‘ پنکھے
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج پر آنے والوں کی خاطر مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کی آب وہوا خوشگوار بنانے کے لیے 250 دیوہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں۔ ان سے پانی کی پھوار چھوڑی جاتی ہے تاکہ گرمی کی شدت کم ہو۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق پھوار چھوڑنے والے دیوہیکل پنکھوں کی بدولت حرم شریف اور اس کے صحنوں کا درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے جبکہ سورج کی تپش کم ہوجاتی ہے۔
مشاعر مقدسہ میں 5 ہزار مرد و خواتین سکیورٹی گارڈز
حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے کہا ہے کہ اس سال منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کے خیموں کی نگرانی کے لیے پانچ ہزار سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق العمیری نے بتایا کہ اندرون مملکت سے حج کرانے والے معلمین نے سیکیورٹی گارڈز کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
یہ کمپنیاں داخلی معلمین کو منی کے خیموں، منی ٹاورز، عرفات کے خیموں اور مزدلفہ میں حاجیوں کی موجودگی کے دوران رات کے وقت ان کی رہائش کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی گارڈز فراہم کریں گی۔
مسجد الحرام میں ’روبوٹ گائیڈ‘، اردو سمیت گیارہ زبانوں میں سوالات کے جواب
سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں عازمین حج کو مذہبی استفسارات کا جواب دینے کے لیے ’روبوٹ گائیڈ‘ متعارف کرایا ہے۔ انتظامیہ مصنوعی ذہانت سے استفادے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق روبوٹ گائیڈ زائرین کو حج اورعمرے کے طریقے سے آگاہ کرے گا۔ علاوہ ازیں گیارہ زبانوں میں استفسارات اور جوابات کا فوری ترجمہ بھی فراہم کرے گا۔
روبوٹ گائیڈ اردو، عربی، انگریزی، فرانسیسی، روسی، فارسی، ترکی، ملاوی، بنگالی، چینیِ اور ہوساوی سے لیس ہے۔ ٹچ سکرین 21 انچ کی ہے۔ اس سے متعدد کام لیے جا سکتے ہیں۔