چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کو رشوت کے طور پر بڑا عہدہ دے دیا گیا ہے: عمران خان
چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کو رشوت کے طور پر بڑا عہدہ دے دیا گیا ہے: عمران خان
جمعہ 8 جولائی 2022 17:18
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’امریکہ نے یہاں کے میر جعفر اور صادق کو ملا کر ہماری حکومت کے خلاف سازش کی اور اسے ختم کیا۔‘
جمعے کو خوشاب میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر لا کر بٹھا دیا گیا، یہ 22 کروڑ عوام کی توہین کی گئی۔‘
’جوتے پالش کرنے والے ایک شخص کو حکومت کا سربراہ بنا دیا گیا، مغربی ممالک میں ایسے شخص کو چپڑاسی کی نوکری بھی نہیں دی جاتی۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے خوشاب میں ایک لوٹے اور ایک لوٹی کو شکست دینی ہے، آپ سب نے ان کو شکست دینے کی ذمہ داری لینی ہے، یہ اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں اور پھر اس کی قیمت لگواتے ہیں۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور خوف دلایا جا رہا ہے، لاہور میں بیٹھے ایک شخص کا مشن ہے کہ کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دے۔ ایک نامعلوم ٹیلی فون نمبر سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔‘
’لاہور والے کو بتا رہا ہوں جو مرضی ہے کر لو تم صرف خود کو ذلیل کرو گے لوگ تمہیں برا بھلا کہیں گے، تم جتنی مرضی دھاندلی کرا لو، دھاندلی کے باوجود ضمنی الیکشن کے نتائج آئے تو حمزہ شہباز واپس چلا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے تمام تر دھاندلی کے باوجود ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنی ہے، آپ سب نے ان کو شکست دینی ہے۔‘
ان کے مطابق ’یہ صرف ضمنی الیکشن نہیں اس میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا کہ کیا یہ چور ہمارا مستقبل ہیں یا ہم ایک آزاد اور خودمختار ملک بنائیں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن بھی ان سے ملا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کو کسٹم میں بڑا عہدہ دے کر رشوت دے دی ہے، سنا ہے اس عہدے سے بڑا پیسہ بن سکتا ہے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ’حقیقی آزادی کی جنگ لڑ کر پاکستان کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔ یہ جنگ عمران خان کی نہیں آپ سب کی ہے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔‘