ضوابط پرعمل نہ کرنے والے لیموزین ڈرائیوروں کےخلاف تفتیش شروع
ٹیکسی کی صفائی رکھنا ضروری ہے۔ (فوٹو العربیہ)
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے مملکت میں لیموزین سروس کے لیے جاری کیے گئے ضوابط پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مخصوص لباس کی پابندی اور ضوابط پرعمل نہ کرنے والے لیموزین ڈرائیوروں پر 500 ریال جرمانہ کیا جارہا ہے۔
دریں اثنا العربیہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان صالح ابراہیم الزوید نے بتایا کہ لیموزین اور ایپ ٹیکسی سروس کے ڈرائیوروں کے لیے ضوابط پرعمل کرنے کے لیے دی گئی مہلت 12 جولائی کو ختم ہوگئی ہے جس پر مملکت کے تمام ریجنز میں تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لیموزین میں کرایہ کے لیے میٹر کے استعمال نہ کرنے پر 3 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے ۔
مقررہ ضوابط کے حوالے سے ترجمان ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ لیموزین یا ایپ ٹیکسی کے ڈرائیوروں کے لیے مخصوص یونیفارم مقرر کیا گیا ہے جسے ڈیوٹی کے دوران پہنا ضروری ہے۔
گاڑی کی اندرونی اوربیرونی صفائی نہ رکھنا بھی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جبکہ لیموزین کمپنیوں کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ گاڑی کو بہترین حالت میں رکھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں