Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

77 برس قبل پہلی سعودی امریکی سربراہ کانفرنس کا احوال

امریکی سعودی تعلقات کی شروعات 1940 میں ہوئی (فائل فوٹو: العربیہ)
امریکی صدرجو بائیڈن کے دورہ سعودی عرب کے تناظر میں اب سے 77 برس قبل امریکہ کے 32 ویں صدر فرینکلین روزویلٹ اور بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کی پہلی سربراہ کانفرنس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے نہر سویز میں امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس کوئنسی پر پہلی امریکی سعودی سربراہ کانفرنس منعقد کی تھی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات اورمشترکہ مفادات کو عروج تک پہنچانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر روزویلٹ اورشاہ عبدالعزیز کی ملاقات 14 فروری 1945 کو اس وقت ہوئی تھی جب دوسری عالمی جنگ میں شریک طاقتیں کمزور پڑ چکی تھیں اور جنگ ختم ہونے والی تھی۔ یورپی ممالک میں تیل کی طلب پر دباؤ بڑھ رہا تھا۔ پوری دنیا خصوصا خطے کے ممالک میں تعمیر نو اور امن و امان کے قیام کی منصوبہ بندی شروع کردی گئی تھی۔
مذکورہ تناظر میں امریکی صدر روزویلٹ نے مکتوب ارسال کرکے شاہ عبدالعزیز سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ وہ سعودی عرب کی اہمیت اور اس کے سیاسی و اقتصادی کردار کی اہمیت کے پیش نظر بانی مملکت سے ملنا چاہتے تھے۔
صدر روزویلٹ نے شروع ہی میں یہ حقیقت جان لی تھی۔ شاہ عبدالعزیز ملاقات کے لیے راضی ہوگئے تھے کیونکہ اس کا مقصد شام، فلسطین اور لبنان کے مسائل کی گتھیاں سلجھانا تھا۔ یہ اس وقت مشرق وسطی کے بڑے مسائل تھے۔
یاد رہے کہ امریکی سعودی تعلقات کی شروعات 1940 میں ہوئی پھر مارچ  1949 میں جدہ میں امریکی سوسائٹی نے سفارت خانے کی شکل اختیار کرلی۔
ریوز چائلڈز نے سفیر کے طور پر سفارتی دستاویز پیش کیں۔ آگے چل کر ستمبر 1984 کے دوران ریاض میں امریکی رابطہ دفتر کو سفارت خانے کی حیثیت دے دی گئی۔
اس وقت سے لے کر تاحال 12 امریکی صدور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سعودی عرب کے دورے کرچکے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: