2021 میں41 انڈین شہریوں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی
منگل 19 جولائی 2022 16:23
وزارت داخلہ کے مطابق شہریت چھوڑنے کی وجوہات ذاتی تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کی وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ سال 41 شہریوں نے انڈین شہریت چھوڑ کر پاکستان کی شہریت حاصل کر لی۔
انڈین پارلیمان کے ایوان زیرین لوک سبھا میں وزات داخلہ کی جانب سے شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں صرف سات شہریوں نے انڈین شہریت چھوڑ کر پاکستانی بن گئے تھے لیکن 2021 میں 41 افراد نے پاکستان کی شہریت حاصل کرنے کے لیے انڈین شہریت چھوڑ دی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 2015 سے لے کر 2021 تک مجموعی طور پر نولاکھ 32 ہزار 276 انڈین شہریوں نے دوسرے ممالک کی پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے انڈین شہریت چھوڑ دی۔
گزشتہ سال ایک لاکھ 63 ہزار انڈین شہریوں نے ملکی شہریت چھوڑ دی جو کہ 2015 کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان میں سے تقریبا آدھے لوگ یعنی 78 ہزار 284 نے امریکہ شہریت حاصل کی۔
وزارت داخلہ کے مطابق شہریت چھوڑنے کی وجوہات ذاتی تھے۔
خیال رہے انڈیا کے آئین کے تحت کوئی شہری دوہری شہریت نہیں رکھ سکتا اور کسی اور ملک کی شہریت لینے کے لیے انڈین شہریت چھوڑنا پڑتا ہے۔
شہریت کے حصول کے لیے پسندیدہ ترین ممالک میں امریکہ کے بعد آسٹریلیا (23 ہزار 533) کینیڈا (21 ہزار 597)، برطانیہ (14 ہزار 637)، اٹلی (پانچ ہزار 987) اور سنگاپور (دو ہزار 516) بالترتیب سرفہرست رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں موجود 326 انڈین شہریوں نے ملک کی شہریت ترک کرکے البانیا، فرانس، مالٹا، پاکستان، فلپائن، پرتگال بحرین، قبرص، آئرلینڈ، اردون ناروے، سنگاپور، سری لنکا اور دیگر ممالک کی شہریت کے لیے اپلائی کیا۔
گزشتہ سال نومبر میں شیئر کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطاب 10 ہزار 645 افراد نے انڈین شہریت کے لیے درخواست دے دی جن میں سے اکثریت یعنی سات ہزار 782 افراد پاکستان اور 795 افغانستان کے شہری تھے۔
وزارت داخلہ کے مطابق 2016 سے 2020 کے دوران 452 بے ریاست افراد نے بھی انڈین شہریت کے لیے درخواست دی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ ان میں سے کتنے افراد کو شہریت دی گئی۔
گزشتہ سال انڈین وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ ایک کروڑ 33 لاکھ 83 ہزار 718 انڈین شہری دوسرے ممالک میں رہتے ہیں۔