سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے جعرانہ کنواں بند کردیا۔ کنواں کھلا ہوا تھا جو راہ گیروں کے لیے ایک خطرہ تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت ماحولیات کی مکہ مکرمہ ریجن برانچ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر سعید الغامدی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کی جعرانہ تحصیل کے الرشیدی محلے میں مذکورہ کنواں کھلا تھا۔ اس کے بارے میں عوام کا مطالبہ تھا کہ اسے بند کردیا جائے۔ اسی تناظر میں کنویں کو بند کردیا گیا۔
وزارت کے عہدیدار احمد القرنی نے بتایا کہ مملکت بھر میں کھلے کنوؤں کے حوالے سے قوانین مقرر ہیں۔ انہی کے مطابق مذکورہ کنواں محکمہ شہری دفاع، گورنریٹ اور بلدیاتی کونسل کے تعاون سے بند کرایا گیا ہے۔
الغامدی نے بتایا کہ آپریشن روم 911 پر کنویں کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں۔
الغامدی نے کہا کہ ہر شہری اور مقیم غیرملکی کی ذمے داری ہے کہ وہ غیر آباد کنووں کی رپورٹ کرے۔ 939 پر رابطہ کرکے رپورٹ کی جاسکتی ہے۔ غیر آباد کنویں کا اگر کوئی مالک ہو تو اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ وزارت کے ساتھ رابطہ کرکے اسے پاٹنے کی کارروائی کرے۔