Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ختم ہونے میں 40 دن باقی ہیں، کیا خروج وعودہ لگ سکتا ہے؟

فیس 100 ریال سے کم نہیں ہوتی۔ (فوٹو عرب نیوز)
 سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو مملکت سے چھٹی پرجانے کے لیے ایگزٹ ری انٹری ویزہ جسے عربی میں خروج وعودہ کہتے ہیں درکار ہوتا ہے۔ 
خروج عودہ ویزہ سنگل انٹری اور ملٹی پل انٹری دوطرح کے ہوتے ہیں۔ سنگل انٹری ویزے کی بھی دو کیٹگری ہیں جن افراد کے اقامے کی مدت 6 ماہ سے کم ہے انہیں دنوں کے حساب سے ویزہ جاری کیا جاتا ہے جبکہ وہ تارکین جن کے اقامے کی اپکسپائری مدت 6 ماہ سے زائد ہے انہیں 30 دن 60 اور 120 دن کے ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔ 
ملٹی پل انٹری ویزے ایسے افراد کے لیے بہتر ہوتے ہیں جو محدود مدت کے دوران متعدد باربیرون مملکت سفر کرتے ہیں۔ ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزہ کا مقصد زیادہ سفر کرنے والوں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں بار بار ویزہ حاصل نہ کرنا پڑے۔ 
1 ۔۔۔۔۔۔ اقامہ میں 40 دن باقی ہیں کیا خروج وعودہ لگایا جاسکتا ہے؟ 
خروج وعودہ کے حوالے سے محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے مطابق خروج وعودہ دو طرح کے جاری کیے جاتے ہیں جن میں محدود مدت جو دنوں کے حساب سے جاری ہوتا ہے جبکہ دوسرا مہینوں کے حساب سے۔ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ خروج وعودہ جو دنوں کے حساب سے جاری کیا جاتا ہے اس کے مطابق اقامہ کی آخری مدت تک کے لیے ایگزٹ ری انٹری حاصل کیا جاسکتا ہے۔ 
جہاں تک مذکورہ سوال کا تعلق ہے اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ مذکورہ کیس میں دنوں کے حساب سے خروج وعودہ ویزہ جاری کرایا جاسکتا ہے۔ 
واضح رہے دنوں کے حساب سے جو خروج وعودہ جاری کیاجاتا ہے اس کا حساب یعنی کاونٹ ڈاون خروج وعودہ جاری ہونے کے ساتھ ہی شروع ہوجاتا ہے ۔ 
ایگزٹ ری انٹری ویزہ جو دنوں کے حساب سے جاری کرایا جاتا ہے اس میں واپسی کی تاریخ کا اندراج کیاجاتا ہے ۔ واپسی کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سے ایک دن قبل پہنچ جانا بہتر ہے اگر مزید قیام کا ارادہ ہوتو اقامہ میں توسیع کرنے کے بعد ایگزٹ ری انٹری کی مدت میں توسیع کرائی جاسکتی ہے۔ 
خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کی کم از کم فیس 100 ریال ہے جو 30 دن کے لیے ہوتی ہے جتنے دن توسیع کرائی جائے اسی اعتبار سے فیس جمع کرائی جائے گی تاہم فیس 100 ریال سے کم نہیں ہوتی۔  
2 ۔۔۔۔۔۔ ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ ’ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے میں تین ماہ باقی ہیں ،ٹریفک چالان سفر میں رکاوٹ بن سکتے ہیں؟‘ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کارکنوں کےلیے لازمی ہے کہ سفر سے قبل انکے ریکارڈ پرکسی قسم کا واجب الاد چالان باقی نہ ہو۔ 
واضح رہے ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزہ مملکت سے متعدد بار سفر کرنے والوں کو جاری کیا جاتا ہے جس سے یہ سہولت ہوتی ہے کہ انہیں بار بار ایگزٹ ری انٹری ویزہ جاری کرانے کی ضرورت نہیں رہتی تاہم سفر کرنے سے قبل اگرکسی کے ریکارڈ پرٹریفک چالان وغیرہ موجود ہوتا ہے تو اسے سفرکرنے کی اجازت اس وقت تک نہیں ہوتی جب تک وہ چالان کی رقم ادا کرکے ریکارڈ کوصاف نہیں کرلیتا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: