Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی حصار ختم کردیا گیا

ایوان شاہی نے ہٹانے کی منظوری دی۔ (فوٹو حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی)
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ خانہ کعبہ کے اطراف سے حفاظتی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔
حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی کی ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے زائرین کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ’خانہ کعبہ کے اطراف جو رکاوٹیں حفاظتی تدبیر کے طور پر قائم کی گئی تھیں ایوان شاہی نے انہیں ہٹانے کی منظوری دے دی ہے‘۔
یاد رہے کہ خانہ کعبہ کے اطراف رکاوٹوں کی وجہ سے زائرین حجراسود کو بوسہ، ملتزم پر دعائیں مانگنے اور حطیم میں نماز ادا نہیں کرسکتے تھے۔ رکاوٹیں قائم کرنے سے قبل وہ حطیم میں نماز بھی ادا کرتے تھے۔ ملتزم پر جاکر دعائیں مانگتے اور حجر اسود کو بوسہ دینے کی سنت ادا کرپاتے تھے۔ ملتزم خانہ کعبہ کا وہ حصہ  ہے جو دروازے اور حجر اسود کے  درمیان واقعے ہے جس سے چمٹ کر دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں دعائیں قبول ہوتی ہیں۔

اس سے قبل لوگ ملتزم پر جاکر دعائیں مانگتے تھے۔ (فوٹو حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی)

ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی عمرہ زائرین کے استقبال کے  لیے مسجد الحرام میں تمام اداروں کو چوکس کیے ہوئے ہے۔ اعلی قیادت کی آرزو کے عین مطابق زائرین کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے حرمین شریفین کے ساتھ غیرمعمولی عقیدت اور ان سے دلچسپی لینے پر خادم حرمین شریفین شاہ  سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دلی قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے اپنا بیان ان دعائیہ کلمات پر ختم کیا کہ اللہ تعالی  ان کی ان عظیم الشان خدمات کو ان کے اعمال صالحہ کا حصہ بنادے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: