سعودی عرب اور امارات میں سپورٹس کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال
ملاقات ترکی کے شہر قونیہ میں اسلامی یکجہتی گیمز کے موقع پر ہوئی ہے( فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق سعودی عرب کے وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے متحدہ عرب امارات کی جنرل اتھارٹی آف سپورٹس کے چیئرمین احمد بالھول الفلاسی سے ملاقات کی جس میں کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل اوراحمد بالھول الفلاسی کے درمیان ملاقات ترکی کے شہر قونیہ میں اسلامی یکجہتی گیمز کے موقع پر ہوئی۔
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق احمد بالھول الفلاسی نے 2029 کے ایشیائی سرمائی کھیلوں کے نویں ایڈیشن کی میزبانی کے لیے مملکت کی بولی کے لیے اپنے ملک کی مکمل سپورٹ کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مغربی ایشیا میں سرمائی کھیلوں کو مقبول بنانے میں ایک اہم قدم ہو گا۔
متحدہ عرب امارات کی جنرل اتھارٹی آف سپورٹس کے چیئرمین احمد بالھول الفلاسی نے 2023 ورلڈ کامبیٹ گیمز کی میزبانی کے لیے ریاض کے لیے اپنی سپورٹ کی تصدیق کی۔
وام کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کھیلوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کرنے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا جبکہ احمد بالھول الفلاسی نے کھیلوں کے مختلف اداروں کے درمیان علم کے تبادلے کے لیے مشترکہ دو طرفہ میٹنگز اور ورکشاپس کے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کوآرڈینیشن اداروں کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا جو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے مختلف کھیلوں کے حکام پر مشتمل ہوں تاکہ ایکشن پلانز، حکمت عملی، پروگراموں اور انیشیٹوز کو قائم کیا جا سکے۔