سعودی سپورٹس کمپنی کو ایشین فٹبال میچز براہ راست دکھانے کے حقوق مل گئے
2024 تک ایشین فٹبال آرگنائزیشن کے تمام میچز دکھائےجائیں گی۔( فوٹو عرب نیوز)
سعودی سپورٹس کمپنی نے مملکت کے اندر ایشین مقابلے براہ راست دکھانے کے حقوق چار برس کے لیے حاصل کیے ہیں۔
ایشین فٹبال آرگنائزیشن (اے ایف سی) نے پیر کو بیان میں کہا کہ سعودی سپورٹس کمپنی 2021 سے 2024 تک سعودی عرب میں ایشین فٹبال آرگنائزیشن کے تمام میچز دکھائے گی۔ اس حوالے سے کمپنی کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ایشین فٹبال آرگنائزیشن نے بتایا کہ معاہدے کے بموجب سعودی سپورٹس کمپنی کو یہ حق حاصل ہوگیا ہے کہ قومی ٹیموں کے مقابلوں اور ایشین فٹبال آرگنائزیشن ٹیموں کے میچ سعودی عرب شائقین کو دکھانے کا حق صرف سعودی سپورٹس کمپنی کو ہوگا۔
قطر میں ورلڈ کپ 2022 کے لیے ایشین ٹیموں کے میچز، ایشین کپ 2023 اور ایشین چیمپیئنز میچز بھی ناظرین کو دکھانے کا حق سعودی سپورٹس کمپنی کا ہوگا۔
ایشین فٹبال آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل گیٹو ونڈسر جان نے کہا کہ آرگنائزیشن کے لیے یہ اہم لمحہ ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ براعظم ایشیا، خلیج اور مشرق وسطی میں مضبوط فٹبال ٹیمیں رکھنے والے ممالک میں رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سپورٹس کمپنی ایشین فٹبال آرگنائزیشن کے تمام مقابلے عمدہ ٹیکنالوجی اور اعلی سہولتوں سے آراستہ جی ایس اے انٹرنیٹ پر براہ راست اپنے پلیٹ فارم پر پیش کرے گی۔
انہںو نے مزید کہا کہ 2021 کی آخری سہ ماہی میں مصنوعی سیاروں کے ذریعے میچز دکھائے گی۔اس حوالے سے مزید تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔