کھجور کے ڈبوں میں دو لاکھ 97 ہزار ڈالر سمگل کرنے کی کوشش ناکام
’مذکورہ مسافر افریقی تارک وطن ہے جسے جدہ کے کنگ عبد العزیز ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ایک مسافر کو دو لاکھ 97 ہزار ڈالر اور 5 ہزار سعودی ریال سمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ مسافر افریقی تارک وطن ہے جسے جدہ کے کنگ عبد العزیز ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا ہے۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مذکورہ مسافر نے کھجوروں کے ڈبوں میں مذکورہ رقم چھپا رکھی تھی‘۔
’وہ نا معلوم ذرائع سے حاصل ہونے والے رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک لے جانے کی کوشش کر رہا تھا‘۔
’مذکورہ شخص پر نامعلوم ذرائع سےآمدنی کا حصول، منی لانڈرنگ اور سمگلنگ کے الزامات عائد کئے گئے ہیں‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے الزامات کا اقرار کیا ہے‘۔
’اس پر عدالت نے رقم ضبط کرنے کے علاوہ دو سال قید اور مدت مکمل کرنے کے بعد ملک سے بیدخل کرنے کی سزا سنائی ہے‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص کو سخت سزا دینے کے لیے کیس اپیل کورٹ میں داخل کیا گیا ہے‘۔