Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب اور قدرتی آفات، امریکہ کی پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر کی امداد

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی حکومت نے پاکستان میں قدرتی آفات سے تحفظ کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ بیان میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ’ہم مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں اور سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی مدد کر رہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک لاکھ ڈالر کی فوری امداد کے علاوہ امریکی حکومت نے قدرتی آفات سے تحفظ کے لیے دس لاکھ ڈالر کا اعلان بھی کیا ہے اور ہم موسمیاتی بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔‘
خیال رہے دو روز قبل پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا تھا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیلاب کے بعد انسانی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مدد کی اپیل کی اور جواب میں امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے متاثرہ آبادی کے لیے ایک لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
پاکستان میں جاری مون سون کی بارشوں اور سیلاب کی صورت حال سے ملک بھر میں بھاری جانی و مالی نقصان دیکھنے میں آیا ہے اور صوبہ بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لیے کم از کم 35 ارب روپے کی ضرورت ہے۔
صوبے میں سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دنوں تک سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں، جنوبی پنجاب اور زیریں خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں 100 سے 150 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی و صوبائی اداروں نے بھی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ضرروری پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے غیرضروری سفر سے اجتناب کرنے کا کہا گیا ہے۔

شیئر: