Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن میں امتحانی کامیابی پر 'غل غپاڑے' کے خلاف انتباہ

اکثر نوجوان گاڑی سے باہر لٹک کر یا فائرنگ کر کے کامیابی کا جشن مناتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
اردن کے پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نےشہریوں کو کسی بھی امتحان میں کامیابی کے نتائج ملنے کی صورت میں خوشی  کے طور پر اندھا دھند فائرنگ کرنے یا گاڑیوں میں غل غپاڑاکرنے  سے خبردار کیا ہے۔
اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ملک میں قبائلی روایات کے مطابق خوشی کے موقع پر آتشیں اسلحے  کے ذریعے ہوائی فائرنگ کا رواج ہے جسےعام طور پر'تہوار پر فائرنگ' کا نام دیا جاتا ہے۔

ہوائی فائرنگ پر سخت کنٹرول کرنے کا قانون جاری کیا گیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اس قبائلی روایت کو 'قانون کی صریح خلاف ورزی اور شہریوں کی صحت اور حفاظت کے خلاف عمل' قرار دیا ہے۔
خوشی کے تہوار پر فائرنگ اردن میں ایک مستقل مسئلہ ہے اور اس کی وجہ سے اکثر راہگیر زخمی بھی ہوتے ہیں یہاں تک کہ کبھی کبھار اس عمل سے ہلاکتوں کی بھی خبریں آتی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2013 سے 2018 کے درمیان اردن 1869افراد مختلف قسم کے جشن کے موقع پر کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جب کہ زخمی ہونے والوں کی شرح اس سے کہیں زیادہ بتائی گئی ہے۔
نیوز ایجنسی پیٹرا  کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خوشی کے موقع پر کی جانے والی ہوائی فائرنگ پر حکومت کی جانب سے سخت کنٹرول کرنے کا قانون جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ایسے کسی طرز عمل میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

اردن کی قبائلی روایات میں خوشی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کا رواج ہے, فوٹو عرب نیوز

اردن میں امتحان میں کامیابی پر منائے جانے والے جشن کے موقع پر ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے جیسا کہ گاڑیوں کے سن روف سے باہر نکلنا یا گاڑی کی کھڑکیوں سے باہر لٹکنا، غیر قانونی طریقے یا لاپروائی سے گاڑی چلانا اس میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ اردن میں ثانوی امتحان جسے 'توجیہی' کہا جاتا ہے وزارت تعلیم کی جانب سے یہ امتحان پاس کرنے والے طلباء و طالبات کو توجیہی اردنی جنرل سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔
امتحان کے نتائج کی خوشی میں اکثر نوجوان آپے سے باہر ہو جاتے ہیں غل غپاڑا  کرتے ہوئے گاڑیوں کی کھڑکیوں سے باہر لٹک کر اور فائرنگ  کر کے اپنی کامیابی کا جشن مناتے ہیں۔
دریں اثنا اردن میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے ایسے کسی بھی موقع پر حفاظتی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

امریکی سفارت خانہ نے اپنے شہریوں کوحفاظتی الرٹ جاری کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سفارت خانے کی جانب سے خصوصی ہدایت میں کہا گیا  ہے کہ ایسا جشن جس میں فائرنگ کی توقع کی جا سکتی ہے اس موقع پر ٹریفک میں پھنسنے سے پرہیز کریں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال ثانوی تعلیمی بورڈ کے امتحانات کے نتائج بغیر کسی پیشگی اطلاع کےصبح سویرے ہی شائع کر دیئے  گئے تھےاور کامیاب طلبا خوشی منانے پر سڑکوں پر آ گئے تھے۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے اہلکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ  مکمل احتیاط برتیں اور اگر کہیں ہوائی فائرنگ ہوتی دیکھیں تو اس جگہ سے ہٹ جائیں۔
امریکی اہلکاروں کو کہا گیا ہے کہ کسی قسم کے  عوامی اجتماعات اور تہواروں سے گریز کریں ، ذاتی حفاظتی پروٹوکول کا جائزہ لیں اور کسی فوری خطرے کے پیش نظر پولیس حکام سے رابطہ کرنے کے لیے  بھی کہا گیا ہے۔

شیئر: