بلدیہ نے اس کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دی ہے۔ (فوٹو سبق)
جدہ میونسپلٹی کے فیلڈ انسپکٹرز نے العزیزیہ محلے میں مٹھائیوں کی ایک دکان پر چھاپہ مار کر 2 ٹن سے زیادہ زائد المیعاد اشیا ضبط کرلیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری بلدیاتی کونسل انجینیئر محمد المطیری نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ میونسپلٹی غذائی اشیا کے قابل استعمال ہونے کا پتہ لگانے کے لیے ایک سپیشل ٹیم تشکیل دیے ہوئے ہے جسے ’اجادۃ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اسے تجارتی مراکز کی تلاشی اور نگرانی کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
المطیری نے بتایا کہ مذکورہ ٹیم نے العزیزیہ بلدیاتی کونسل کے دائرے میں واقع مٹھائیوں کی ایک دکان پر چھاپہ مارا۔ وہاں سے زائد المیعاد ایسی اشیا برآمد ہوئیں جنہیں مٹھائیوں کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا۔ جو انسانی استعمال کے قابل نہیں تھیں۔
المطیری نے توجہ دلائی کہ زائد المیعاد مٹھائیاں ذخیرہ کرنے والی دکان کے خلاف قانونی کارروائی کرلی گئی ہے اور ناقابل استعمال ان اشیا کو تلف کرادیا گیا جو مٹھائیاں بنانے کے لیے استعمال کی جانے والی تھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں