عمران خان کو خطرہ کیا؟ بیرون ملک جانے کے لیے کرنسی فارم بھرنا لازم اور پاکستانی سینیٹر سے انوکھے فراڈ سمیت پاکستان بھر سے اہم خبریں
ہفتہ 20 اگست 2022 0:10
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں تمام کارساز کمپنیوں نے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی، مینار پاکستان کے احاطے میں اس کے معمار کا داخلہ بند اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے کرنسی فارم بھرنا لازم ہفتہ رفتہ کے اہم موضوعات میں شامل رہے۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافہ اور سابق سینیٹر سے دھوکہ دہی کے ذریعے لاکھوں روپے بٹورے جانے کی خبر بھی نمایاں رہی۔
پاکستان میں ٹویوٹا کے مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی
ٹویوٹا نے اپنی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی ہے۔
پاک وہیل کی جانب سے شوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی کمپنی کے اعلان کردہ نئی قیمتوں کے مطابق ٹویوٹا نے اپنی مختلف ماڈل کی قیمتوں میں دو لاکھ 60 ہزار فی یونٹ سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے فی یونٹس تک کمی کی ہے۔
ٹویوٹا کے ہیلکس ریو کے ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں چھ لاکھ 50 ہزار سے لے کر 8 لاکھ 20 ہزار تک کی کمی کی گئی ہے۔
جب مینار پاکستان کے احاطے میں اس کے معمار کا داخلہ روکا گیا
قیام پاکستان کے 20 برس بعد تعمیر ہونے والا مینار پاکستان کئی حیثیتوں اور جہتوں کا مالک ہے۔ تاریخی طور پر یہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے مقام اور دن کی یادگار کو مجسم صورت میں بیان کرتا ہے۔
ثقافتی اور سماجی طور پر یہ اہلیان لاہور اور بیرونِ شہر سے آنے والوں کی تفریح طبع کا ذریعہ ہے۔
حالیہ برسوں میں سیاسی اتار چڑھاؤ کے ہنگاموں میں یہ جگہ سیاسی اور عوامی مقبولیت ماپنے کا پیمانہ بن چکی ہے۔
پاک سوزوکی کا بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
پاک سوزوکی کمپنی نے اپنی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق پاک سوزکی کی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 75 ہزار فی یونٹ سے ایک لاکھ 99 ہزار فی یونٹ تک کی کمی کی گئی ہے۔
بیرون ملک آنے جانے والے مسافروں کے لیے کرنسی فارم بھرنا لازم
حکومت پاکستان نے بیرون ملک سے پاکستان آنے اور پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر کرنسی ڈیکلریشن فارم لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے ’مطابق بیرون ملک سے پاکستان آنے اور جانے والے ہوائی مسافروں کو کسٹم ڈکلریشن (بشمول کرنسی ڈیکلریشن) فارم بھرنا پڑے گا۔‘
جعلی فون کال، سابق سینیٹر الیاس بلور لاکھوں گنوا بیٹھے
موبائل فون پر کالز یا میسیجز کے ذریعے مختلف طریقوں سے پیسے بٹورنے کا حربہ کوئی نئی بات نہیں۔
آپ کو بھی ’بے نظیر انکم ٹیکس پروگرام‘ کے نام پر پیسے ملنے یا کسی گیم شو میں انعام نکلنے کی ’خوش خبری‘ کے پیغامات کبھی نہ کبھی تو موصول ہوئے ہی ہوں گے اور پھر ’ایزی لوڈ والی صبا‘ کو کون نہیں جانتا؟
لیکن رقم ہتھیانے کا یہ حربہ اب پرانا ہو چکا ہے اور لوگ بہت حد تک ہوشیار ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب ’طریقہ واردات‘ بھی بدل رہا ہے اور گذشتہ کچھ عرصے میں ایمرجنسی کالز کے ذریعے معصوم شہریوں کو لوٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر الیاس بلور بھی ایسے ہی ایک فراڈ کا شکار بن کر لاکھوں روپے گنوا بیٹھے ہیں۔
عمران خان کی قانونی جنگ میں انہیں اصل خطرہ کہاں سے ہے؟
پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اس وقت سیاسی محاذ پر مشکلات کے ساتھ ساتھ متعدد قانونی چیلنجز سے بھی نبرد آزما ہیں۔ اگلے ہفتے سے الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف تین اہم کیسز کی سماعت شروع ہو رہی ہے۔ جن میں ممنوعہ فنڈنگ کی وصولی، پارٹی اکاؤنٹس ظاہر نہ کرنا، غلط سرٹیفکیٹ جمع کروانا اور اپنے سالانہ گوشواروں میں توشہ خانہ تحائف کی آمدنی کو ظاہر نہ کرنا شامل ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق ان میں سے ہر ایک کیس سنجیدہ نوعیت کا ہے تاہم اردو نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اپنی سنگینی کے اعتبار سے عمران خان کے لیے کون سا کیس زیادہ خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے ساتھ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کیا ہوا؟
پاکستان کے دو صوبوں میں براہ راست حکمران جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ’ان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔‘
عمران خان نے یہ دعویٰ ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کیا جس کے بعد صورت حال پیچیدہ ہوگئی کیونکہ شہباز گِل اس وقت اڈیالہ جیل میں بند ہیں اور یہ جیل حکومت پنجاب کے ماتحت ہے۔ دوسرے لفظوں میں اس جیل کی عمل داری خود تحریک انصاف کی حکومت کے پاس ہے۔