Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت نے ’ہسپتال میں موجود صحت مند شہباز گل‘ کی ویڈیو جاری کردی

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ہسپتال میں موجود رہنما شہباز گل کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہیں صحتمند قرار دیا ہے۔
سنیچر کو نیوز کانفرنس کے دوران وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنما کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کو عدالت میں پیشی کے موقع پر شہباز گل خود کو بیمار بتا رہے تھے، آج تین گھنٹے قبل ہسپتال میں وہ صحت مند دکھائی دے رہے ہیں۔
شہباز گل کی ویڈیو اور انہی مناظر پر مشتمل تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کرنے والوں نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو اور تصاویر میں شہباز گل ہسپتال کے بستر پر بیٹھے اور اس کے پاس کھڑے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان کے سامنے ایک پولیس اہلکار ہاتھ باندھے ہوئے جب کہ دیگر مناظر میں وہ کچھ دستاویزات کا مطالعہ کرتے ہوئے واضح ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے پی ٹی آئی کے حامی سوشل میڈیا صارفین نے دعوی کیا کہ ’یہ پرانی ویڈیو ہے‘ جب کہ کچھ دیگر کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو میں شہباز گل نہیں کوئی اور ہے۔‘

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’اگر یہ ویڈیو صحیح ہے تو یہ خوشی کی بات ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر وہ اتنا صحت مند ہے تو پھر عمران خان، وکلا اور میڈیا کی ملاقات پر پابندی کیوں ہے؟ پولیس کو چاہیے کہ عمران خان، وکلا اور میڈیا کو ملاقات کی اجازت دے۔‘

ٹیلی ویژن میزبان فرح حسین نے ویڈیو میں شہباز گل کے انداز کو ’افسرانہ‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ ’بالکل نارمل اور پہلے جیسے دکھائی دے رہے ہیں ورنہ (گزشتہ روز) سانس پھولنے کا انداز اور رفتار تشویش ناک تھا۔‘

وزیراطلاعات کی جانب سے ہسپتال میں موجود شہباز گل کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے صارفین جہاں ویڈیو کے ’اصل اور نقل‘ ہونے کی بحث میں مصروف دکھائی دیے وہیں کئی ایسے بھی تھے جو پی ٹی آئی رہنما پر مقدمے اور گرفتاری کے سبب پر بات کرتے رہے۔
اسی دوران وزیر اطلاعات کا یہ دعوی بھی سامنے آیا کہ ’چکوال میں ریپسٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر کے رہنما تحریک انصاف شہباز گل پر جنسی تشدد کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔‘

شیئر: