مکہ، مدینہ، باحہ، عسیر اور جازان میں بارش کا امکان
’بیشتر علاقوں میں دن کے وقت گرمی اور رات کو موسم اعتدال پر مائل رہے گا‘ ( فوٹو: طقس العرب)
ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی کہا ہے کہ آج اتوار کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، باحہ، عسیر اور جازان میں بارش کا قوی امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ریجنوں کے بالائی علاقوں میں موسلادھار جبکہ نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے وقت گرمی اور رات کو خاص طور پر فجر کے وقت موسم اعتدال پر مائل رہے گا‘۔
دوسری طرف ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہاہے کہ ’ماحولیاتی نقشوں کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں یکم ستمبر کو خزاں کا موسم کا شروع ہوگا‘۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ کی الحناکیہ، المہد اور وادی الفرع کمشنریوں میں مطلع غبار آلود ہے‘۔
’مذکورہ علاقوں میں یہ کیفیت دوپہر دو بجے سے رات 9 بجے تک شدت اختیار کر جائے گی‘۔