Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈیئر کے ایل راہل، شاہ شاہ ہے، چاہے شاہین شاہ ہو یا نسیم شاہ‘

نسیم شاہ نے انڈیا کے خلاف اپنے ٹی20 ڈیبیو میں 4 اوورز میں 27 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستانی بولر نسیم شاہ کی کارکردگی کی تعریف ہر جگہ کی جارہی ہے۔
نسیم شاہ نے میچ کے پہلے اوور میں انڈین بیٹر کے ایل راہل کو جب بولڈ کیا تو اس وقت پاکستانی مداحوں کو شاہین شاہ آفریدی کی یاد آگئی۔
نسیم شاہ نے جہاں انڈیا کے خلاف اپنے ٹی20 ڈیبیو میں بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 27 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا وہیں انہیں ٹانگ میں درد ہونے کے باوجود بہترین بولنگ کرنے پر خوب خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نسیم شاہ نے 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
نسیم شاہ اپنے کیریئر کے دوران 13 ٹیسٹ میچز میں 33 وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں ان کی بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔
نسیم شاہ نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز اپنے ٹیسٹ کیریئر کے تین سال بعد رواں ماہ نیدرلینڈز کے خلاف کیا تھا جہاں انہوں نے تین ون ڈے میچز میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
اتوار کے روز دبئی میں پاکستان اور انڈٰیا کے میچ کے دوران نسیم شاہ نے اپنے سپیل کا آخری اوور ٹانگ میں شدید درد ہونے کے باوجود کروایا۔
انڈیا کے خلاف اپنے ڈیبیو پر بہترین کھیل پیش کرنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نسیم شاہ ان کے بارے میں تعریفی تبصرے دیکھے جارہے ہیں۔
معروف کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کہتے ہیں کہ ’نسیم شاہ کے باعث کچھ ایسا ہے جو بہت ہی کم لوگوں کے پاس ہے، اصلی رفتار، جب میں نے انہیں پہلے دیکھا آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو پر تب یہ بالکل نئے تھے، اب ان کے پاس قدرتی آؤٹ سوئنگ ہے، یہ ایک بہترین بولر ہیں، اگر پاکستان اس کا خیال کرے۔‘
پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی نتالیا پرویز نے لکھا ہے کہ ’ڈیئر کے ایل راہل، شاہ شاہ ہے، چاہے شاہین شاہ ہو یا نسیم شاہ۔‘
تیمور زمان نے نسیم شاہ کی اپنے آخری اوور کے بعد ڈریسنگ رُوم جانے کی ویڈٰیو اپلوڈ کی ہے، جس میں وہ رو رہے ہیں۔
وِپن جیسوال لکھتے ہیں کہ ’چاہے آپ انڈین ہو یا پاکستانی، آپ کو ایک بات ماننا پڑے گی کہ وہ ایک فائٹر ہیں، آپ نے ہر کرکٹ سے پیار کرنے والے کا دل جیتا ہے۔‘
 

 

شیئر: