گراؤنڈ کے ایک کونے میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بیٹھے ہیں اور انہیں ایک نظر دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ان کے بائیں پاؤں میں تکلیف ہے۔ ان کے ہاتھ میں ان کا موبائل فون ہے اور وہ کچھ ٹائپ کررہے ہیں۔
یہ منظر ہے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک کرکٹ گراؤنڈ کا جہاں ایشیا کپ میں حصہ لینے والی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے قبل پریکٹس کررہی ہیں۔
تنہا بیٹھے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اپنی جگہ سے اٹھتے ہیں اور اپنا فون گھانس پر رکھ دیتے ہیں اور اگلے ہی سیکنڈ سکرین پر نمودار ہوتے ہیں انڈیا کے سپنر یوزویندرا چاہل۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے اگلے منظر میں شاہین شاہ آفریدی اور یوزویندرا چاہل کو بغل گیر ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
شاہین آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہرNode ID: 694081
-
’شاہین کو منع کیا تھا ڈائیو مت مارے، لیکن وہ بھی آفریدی ہے‘Node ID: 694686
-
بابر اعظم کا وراٹ کوہلی سے موازنہ کرنا قبل از وقت ہے: وسیم اکرمNode ID: 695106
دونوں ایک دوسرے کا حال احوال پوچھتے ہیں اور یوزویندرا چاہل پاکستانی فاسٹ بولر سے ان کی انجری کا سبب پوچھتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی انہیں اپنی انجری کے حوالے سے بتاتے ہیں کہ ’ورلڈکپ تک ٹھیک ہوجائے گی‘ اور وہ سری لنکا میں ٹیسٹ میچ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی انڈین سپنر سے پوچھتے ہیں کہ ’آپ سناؤ، کیسا چل رہا ہے۔ سب بڑھیا؟‘ جس پر یوزویندرا چاہل اثبات میں سر ہلاتے ہیں۔
خیال رہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پچھلے ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ انجری کے باعث فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
انڈیا اور پاکستان کے سیاسی معاملات کیسے بھی ہوں لیکن دونوں ملکوں کے کرکٹ سٹارز کم سے کم گراؤنڈ میں ایک دوسرے کے دشمن نہیں بلکہ ایک دوسرے کے دوست نظر آتے ہیں۔
گذشتہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے مابین میچ کے دوران وراٹ کوہلی کی بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ دوستانہ تصاویر اور ویڈیوز کون بھول سکتا ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/August/43886/2022/sk.jpg)
انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کی پچھلے کئی ماہ سے بیٹنگ فارم اچھی نہیں لیکن پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں وہ اپنی بیٹنگ فارم سے زیادہ شاہین شاہ آفریدی کی انجری کو لے کر تشویش زدہ نظر آئے۔
یوزویندرا چاہل کے بعد وراٹ کوہلی بھی شاہین شاہ آفریدی سے ملنے آئے اور ان سے ہاتھ ملایا۔ ویڈیو میں وراٹ کوہلی پاکستانی فاسٹ بولر سے پوچھتے ہیں کہ ’کیسے ہو؟‘ شاہین شاہ آفریدی انہیں اپنے پاؤں کی طرف دیکھتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ’اب تو بہتر ہے۔‘
ویڈیو میں دونوں کی گفتگو کی آواز بالکل صاف تو نہیں لیکن شاہین شاہ آفریدی کی آواز ایک جگہ کافی واضح ہے۔
وہ وراٹ کوہلی کو کہہ رہے ہیں ’آپ کے لیے دعا ہے کہ آپ واپس فارم میں آئیں۔‘ سابق انڈین کپتان دعا دینے پر شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے وراٹ کوہلی اس وقت اپنے کیریئر کے سب سے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔
![](/sites/default/files/pictures/August/43886/2022/sj.jpg)
انہیں سینچری بنائے ایک ہزار سے زیادہ دن ہو چکے ہیں جس کے باعث ان سے ایشیا کپ کے لیے بہت امیدیں لگائی جا رہی ہیں۔
وراٹ کوہلی نے آخری سینچری 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کلکتہ ٹیسٹ میں بنائی تھی۔
اسی ویڈیو میں شاہین شاہ آفریدی مزید انڈین کھلاڑیوں سے بھی علیک سلیک کرتے ہوئے نظر آئے۔
اسی ویڈیو میں پاکستانی کوچز محمد یوسف اور ثقلین مشتاق کو انڈین ٹیم کے سلیکٹر سنیل جوشی سے بھی گرمجوشی سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
دور سے چل کر آنے والے محمد یوسف کہتے ہیں ’جوشی بابا‘ اور انڈین سلیکٹر سے ہاتھ ملاتے ہیں اور وہاں کھڑے ثقلین مشتاق کہتے ہیں کہ یہ ( محمد یوسف) شرارتی ہوگئے ہیں۔
ثقلین مشتاق کے اس تبصرے پر سنیل جوشی کہتے ہیں ’کب نہیں تھا بتاؤ؟‘
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیگر پاکستانی سٹارز شاداب خان، فخر زمان اور محمد نواز کو دیگر سری لنکن کھلاڑیوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مشغول بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
Stars align ahead of the #AsiaCup2022
A high-profile meet and greet on the sidelines pic.twitter.com/c5vsNCi6xw
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 25, 2022