Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین رکن اسمبلی کو شوہر نے تھپڑ مار دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بلجندر کور کا تعلق پنجاب کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی سے ہے۔ (تصویر: ویڈیو سکرین شاٹ)
انڈین سوشل میڈیا پر عام آدمی پارٹی کی پنجاب سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن اسمبلی بلجندر کور پر تشدد کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلجندر کور کو پانچ مردوں اور ایک بچی کی موجودگی میں ایک مرد نے تھپڑ مارا۔
انڈین میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی کو تھپڑ مارنے والا شخص ان کا شوہر ہے اور یہ سی سی ٹی وی ویڈیو ان کے اپنے گھر کی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ ویڈیو 10 جولائی کی ہے لیکن یہ وائرل ابھی ہوئی ہے۔ پنجاب میں حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی کا واقعے سے متعلق مؤقف اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔
بلجندر کور جو اس سے قبل بھی بھٹنڈا سے رکن اسمبلی رہ چکی ہیں انہوں نے اپنے شوہر کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کروائی۔
تاہم پنجاب میں خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنے والے ادارے کی چیئرپرسن منیشا گولاٹی کا کہنا ہے کہ ’میں نے بلجندر کور کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی ہے۔ ہم اس کا ازخود نوٹس لیں گے۔‘
منیشا کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بات پریشان کن ہے کہ ایک خاتون جو عوامی مسائل کو اجاگر کرتی ہے اسے گھر میں ہراساں کیا جاتا ہے۔‘

شیئر: