سعودی حکام نے جدہ اور نجران ریجن میں منشیات سمگل کرنے کی دو کوششیں ناکام بنا کرسعودی شہریوں سمیت کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔
محکمہ انسداد منشیات نے بیان میں کہا کہ جدہ کمشنری سے ایک شامی اور دو سعودی شہریوں کو گرفتار کیا، ان کے قبضے سے ایک لاکھ 60 ہزار نشہ آور گولیاں،حشیش اور ممنوعہ دوائیں برآمد ہوئی ہیں۔
سعودی عرب میں مقیم شامی شہری اور سعودی شہریوں کو قانونی کارروائی کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق نجران ریجن کے سقام سیکٹر میں سرحدی محافظوں نے حشیش کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
ایتھوپیا کے 3 دراندازوں کو گرفتار کرکے 33.3 کلو گرام حشیش ضبط کرلی گئی۔
علاوہ ازیں حشیش وصول کرنے والے دو سعودیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن پر محکمہ انسداد منشیات کے سراغرساں نظر رکھے ہوئے تھے۔
ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد ضبط شدہ حشیش سمیت متعلقہ ادارے کی تحویل میں دیا گیا ہے۔