بہنوں کا بیگ اٹھانے والے 9 سالہ مشعل کی پذیرائی جاری
جمعرات 8 ستمبر 2022 10:46
’خمیس مشیط کے میئر نے مشعل کے سکول کا دورہ کیا اور اس سے خصوصی ملاقات کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
دو بہنوں کا سکول بیگ اٹھانے والے 9 سالہ مشعل الشہرانی کی بڑے پیمانے پر پذیرائی جاری ہے جہاں خمیس مشیط کے متعدد اداروں نے اسے خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خمیس مشیط کے میئر خالد بن عبد العزیز بن مشیط نے مشعل کے سکول کا دورہ کیا اور اس سے خصوصی ملاقات کی ہے۔
ادھر ضمک فٹبال کلب نے مشعل اور دونوں بہنوں کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا اور زبردست طریقے سے پذیرائی کی ہے۔
ضمک فٹبال کلب نے کہا ہے کہ ’مشعل کو کلب کے تمام میچز مفت دیکھنے کی دعوت علاوہ ممبر شپ دی گئی ہے‘۔
خمیس مشیط کے ایک بڑے ہسپتال نے مشعل اور اہل خانہ کو مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسی طرح ابہا سپورٹس کلب کی طرف سے مشعل کو خصوصی ممبر شپ دی گئی ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے ابھی تک مشعل کے لیے تحائف ارسال کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 9 سالہ مشعل الشہرانی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ اپنا اور دو بہنوں کا بیگ اٹھائے ہوئے ہے۔
تصویر نے سعودی شہریوں کی توجہ حاصل کی ہے اور اسے بے حد پسند کرتے ہوئے مشعل الشہرانی کو ’مردانہ شان‘ والا بچہ قرار دیا ہے۔
مشعل خمیس مشیط کے ابن نفیس ایلیمنٹری سکول کا طالب علم ہے اوراس وقت سوشل میڈیا پر ہیرو بن چکا ہے۔