سعودی شہریوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ الیکٹرک گاڑیاں مہیا ہوں گی
الیکٹرک گاڑیاں اسمبل کرنے والی تین فیکٹریاں قائم کی جائیں گی(فوٹو عکاظ)
سعودی حکام وژن 2030 پرعملدرآمد کے لیے مملکت میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح نے کہا ہے کہ’ جدید ترین الیکٹرک گاڑیاں سعودی عرب میں اسمبل ہوں گی اور اس شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری پر زور دیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ مستقبل قریب میں جدید ترین الیکٹرک گاڑیاں بڑی تعداد میں نظر آئیں گی‘۔
خالد الفالح نے کہا کہ’ سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیاں اسمبل کرنے والی تین فیکٹریاں قائم کی جائیں گی‘۔
وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ ’سعودی عرب آئندہ دس سال کے دوران ان تین فیکٹریوں کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کی دنیا میں قدم رکھنے کی منصوبہ بندی کررہا ہےک امریکہ کی لوسیڈ موٹرز کمپنی پہلی فیکٹری قائم کرے گی۔ یہاں سالانہ ڈیڑھ لاکھ گاڑیاں تیارہوں گی‘۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے لوسیڈ فیکٹری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2030 سے قبل فیکٹری سالانہ تین لاکھ گاڑیاں تیار کرنے کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے۔