Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رنویر سنگھ کی ’کامیابی کا راز‘ کیا ہے؟

فلم ’83‘ میں رنویر سنگھ نے انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا کردار ادا کیا ہے (فائل فوٹو: یوٹیوب)
بالی وڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ جنہوں نے حال ہی میں فلم فیئر ایوارڈز میں فلم ’83‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے، نے سوشل ایپ انسٹاگرام پر ایوارڈ ملنے کے بعد کی اپنی تقریر شیئر کی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سنیچر کو اداکار نے ایوارڈ فنکشن کی ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں رنویر سنگھ کو بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے پر ایک جذباتی تقریر اور اپنی بیوی دیپکا پاڈوکون کے ساتھ گزارے خوب صورت لمحات کا ذکر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کا آغاز کرن جوہر سے ہوتا ہے جو بہترین اداکار کے لیے رنویر سنگھ کے نام کا اعلان کرتے ہیں۔ پھر رنویر تقریر کرتے ہیں جس میں وہ اپنی ’کامیابی کا راز‘ بتاتے ہیں اور اپنی اہلیہ کو ’لکشمی‘ پکارتے ہیں۔
رنویر نے آنسو بھری آنکھوں کے ساتھ اپنی تقریر میں کہا کہ ’میری زندگی میں جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ میرے تصور سے باہر ہے۔ اکثر، مجھے یقین بھی نہیں آتا کہ میں یہاں ہوں، یہ کر رہا ہوں، آپ سب کے سامنے کھڑا ہوں۔‘
’مجھے ہر روز یقین نہیں آتا کہ میں اداکار بن گیا ہوں۔ یہ ایک معجزہ ہے! سب سے زیادہ شکریہ تو میں آپ کا کروں گا سامعین، میرے سفر کا حصہ بننے اور مجھے اپنے خوابوں کو جینے کی اجازت دینے کے لیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں تو کچھ بھی ہوں اپنے ماں باپ اور بہن کی وجہ سے ہوں۔ وہ میرے لیے بھگوان ہیں۔‘
اپنی تقریر کے اگلے حصے میں رنویر مسکراتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’میرے گھر میں لکشمی ہے اور یہ ہے میری کامیابی کا راز۔‘
رنویر سنگھ کی اس ویڈیو پر ابھی تک سات لاکھ ویوز آچکے ہیں اور کئی اداکاروں سمیت بے شمار افراد نے اس پر کمنٹس کیے ہیں۔
فلم ’83‘ میں رنویر سنگھ نے 1983 کا ورلڈ کپ جیتنے والی انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان کپل دیو کا کردار ادا کیا ہے جبکہ دپیکا پاڈوکون نے ان کی اہلیہ رومی بھاٹیا کا کردار نبھایا ہے۔
دپیکا پاڈوکون اس فلم کی شریک پروڈیسر بھی تھیں۔

شیئر: