Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پی ٹی آئی کی ٹیلی تھون، 5 ارب 20 کروڑ روپے جمع

جو تین ٹی وی چینلز ٹیلی تھون دکھا رہے تھے ان چینلز کو حکومت نے کیبل پر بند کروا دیا (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر) 
پاکستان میں متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے تحریک انصاف کی فنڈ ریزنگ لائیو ٹیلی تھون مہم میں 5 ارب 20 کروڑ روپے ست زائد جمع ہوچکے ہیں۔
اتوار کی تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بتایا گیا ہے کہ ’لائیو ٹیلی تھون کے دوران صرفدو گھنٹوں میں 5 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہوئی۔‘
اتوار کے روز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہونے والی اس ٹیلی تھون مہم میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خود بھی موجود تھے۔
ٹیلی تھون میں اندرون اور بیرون ملک سے پاکستانیوں اور مختلف شعبوں سے وابستہ معروف افراد جن میں شوبز، کھیلوں اور سیاست سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں نے سیلاب متاثرین کے لیے عطیات کا اعلان کیا۔ 
لائیو ٹیلی تھون میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے الزام لگایا کہ ’حکومت سیلاب زدگان کے لیے امداد اکٹھی کرنے کی ان کی مہم میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پہلے حکومت ٹی وی چینلز کو ہمارے جلسے دکھانے سے روکتی رہی ہے اور اس کے بعد اس نے یوٹیوب کو بند کرنا شروع کردیا اور ٹیلی تھون دکھانے سے روکا جا رہا ہے۔‘
’یہ ٹیلی تھون کوئی سیاسی ایونٹ تو نہیں تھا، جو تین ٹی وی چینلز ٹیلی تھون دکھا رہے تھے ان چینلز کو کیبل پر بند کروا دیا گیا۔ اس طرح کی بے حسی آج تک کسی حکومت نے نہیں کی۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل 29 اگست کو عمران خان کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے پہلی لائیو ٹیلی تھون منعقد کی گئی تھی جس میں پانچ ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوئی تھی۔

شیئر: