پاکستان میں فزکس کے طلبہ اب بابر اعظم کی کور ڈرائیو پڑھیں گے؟
منگل 13 ستمبر 2022 12:09
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کور ڈرائیو کو بابر اعظم کی سپیشل شاٹ تسلیم کیا جاتا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اپنی بیٹنگ کی صلاحیت کی وجہ سے کرکٹ کے میدانوں اور فینز میں تو مقبول ہیں۔ البتہ منگل کو پاکستانی اور انڈین ٹائم لائنز پر یہ دلچسپ سوال زیربحث رہا کہ کیا اب پاکستان میں فزکس کے طلبہ بھی ان کی کور ڈرائیو سے متعلق پڑھیں گے۔
’پاکستان میں فزکس پڑھنے والے طلبہ کے لیے بابراعظم کی کور ڈرائیو‘ کا ذکر اس وقت شروع ہوا جب سوشل نیوز ایگریگیٹر، کنٹینٹ ریٹنگ اور تبادلہ خیال کے امریکی پلیٹ فارم ریڈڈٹ پر درسی کتاب کا ایک سکرین شاٹ پوسٹ کیا گیا۔
کرکٹ کے سب ریڈڈٹ میں پوسٹ کیے گئے سکرین شاٹ کے ساتھ لکھا گیا کہ ’بابراعظم پاکستان میں فیڈرل بورڈ کی نویں جماعت کے سلیبس میں شامل‘۔
سکرین شاٹ میں ’کینیٹک انرجی‘ سے متعلق مثال میں پوچھا گیا ہے کہ ’بابر اعظم 150 j کی قوت سے کور ڈرائیو کھیلیں اور گیند کا وزن 120 گرام ہو تو یہ کس رفتار سے باؤنڈری پر پہنچے گی؟‘
مثال کے دوسرے حصے میں لکھا گیا ہے کہ ’ایک فٹبالر 450 گرام کی فٹبال کو کس قوت سے کک کرے کہ وہ اس رفتار کو پہنچ سکے۔’
ریڈڈٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ پر تبصرہ کرنے والوں میں سے کچھ نے کتاب میں استعمال کی گئی انگریزی زبان کے معیار پر اعتراض کیا تو انہیں جواب میں کہا گیا کہ فزکس کی کتاب میں زبان کا درست یا غلط ہونا زیادہ اہم نہیں ہے۔
’فزکس کی کتاب میں بابر اعظم کی کور ڈرائیو‘ پر شروع ہونے والی گفتگو پاکستانی اور انڈین صارفین کے درمیان نوک جھونک میں بدلی تو ایک صارف نے لکھا کہ ’انڈیا کی نصابی کتابوں میں روہت شرما کے ایک وقت میں چار مرتبہ تین واڑا پاؤ کھانے اور ان کے پیٹ کا حجم بتانے‘ کا سوال ہو گا۔
اس کے جواب میں ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اچھا لطیفہ ہے لیکن ہم اپنی انگلش کی ٹیکسٹ بک میں سچن ٹنڈولکر پر سبق پڑھ چکے ہیں۔‘
کچھ صارفین نے توانائی کی قسم اور دیگر تصورات سمجھانے کے لیے ایسے سوالات کی افادیت پر سوال اٹھایا تو کئی ایسے بھی تھے جنہیں یہ طریقہ بہتر لگا۔
ایک صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’بابراعظم سے متعلق پرابلمز کا حل نہ ڈھونڈیں، بلکہ ان جیسا بنیں۔‘
گفتگو نے ماضی میں ایسا کب اور کہاں ہوا؟ کا رخ کیا تو انڈین صارف ’لمبودھر‘ نے اپنے کالج کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایک مرتبہ اسائنمنٹ کے تمام سوالات دھونی کے ہیلی کاپٹر شاٹ سے متعلق تھے۔‘
’ہیوج فزکس‘ کے ہینڈل نے مدراس بورڈ کے امتحانی پرچے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’طلبہ سے چنائی کے موسم میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کے فیصلے‘ سے متعلق پوچھا گیا تھا۔
کرکٹ سے متعلق گفتگو میں کسی نے یہ وضاحت تو نہیں کی کہ ’فزکس کی کتاب میں بابراعظم کی کور ڈرائیو‘ کا ذکر سلیبس میں ہے یا نہیں البتہ اس پر ہونے والے تبصرے پڑھنے اور دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں ضرور بکھیرتے رہے۔
پاکستان میں فیڈرل بورڈ کی کتابیں وفاقی بورڈ سے ملحق اندرون ملک تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پاکستانی تعلیمی اداروں میں بھی پڑھائی جاتی ہیں۔