Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی مہم

پاکستان نے سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔ فوٹو بشکریہ: سعودی سفارتخانہ اسلام آباد
سعودی عرب کے شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے ایک ہوائی پل قائم کر کے پاکستان کو امداد فراہم کرنے کی مہم کا آغاز کیا ہے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق سعودی عرب سے انسانی امداد لے کر دو طیارے رواں ہفتے کراچی میں اترے۔
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق جون کے وسط سے اب تک سیلاب نے 1.8 ملین گھروں کو نقصان پہنچایا، متعدد سڑکوں کو نقصان پہنچا اور تقریباً 400 پل تباہ ہوئے۔
سیلاب سے ملک بھر میں ایک ہزار 508 افراد ہلاک ہوئے، لاکھوں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی اور تین کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔
پاکستان نے سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے گزشتہ ہفتے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور اس سیلاب کا ذمہ دار موسمیاتی تبدیلی کو قرار دیا۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں شاہ سلمان سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد ایم العثمانی کے ہمراہ پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں واقع سہون شریف میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ متاثرین میں امدادی اشیا تقسیم کی جا سکیں۔
سعودی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے امدادی کارروائیوں کے لیے ایئر برج قائم کرکے 'سعودی عوام کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے مہم' کا آغاز کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے دو ہوائی جہاز بھیجے ہیں جن میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے خیمے، کمبل، خوراک اور کھجوریں ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ امدادی پیکج سیلاب متاثرین کے لیے فوری اور جلد امداد کے لیے فائدہ مند ہو گا اور اسے این ڈی ایم اے کے تعاون سے تقسیم کیا جائے گا۔
رواں ہفتے کے آغاز میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا تھا کہ مملکت شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگائے گی اور اگلے ہفتے انسانی امداد سے لدے سینکڑوں ٹرک این ڈی ایم اے کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں بھیجے گی۔

شیئر: