اماراتی کمپنی کے چیئرمین کا دورہ پاکستان، ’سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے‘
شیخ سلطان احمد بن سولیم نے کہا کہ فوج کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارت کی معروف کمپنی ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین شیخ سلطان احمد بن سولیم کا پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں۔
ڈی پی ورلڈ فائونڈیشن کے سربراہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
ڈی پی ورلڈ فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کے لیے کروڑوں روپے کا عطیہ اور امداد فراہم کرے گی۔
شیخ سلطان احمد بن سولیم نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی قیادت کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے جدید طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جائزہ لیں گے کہ ڈی پی ورلڈ فائونڈیشن کس طرح پاکستانیوں کی مدد کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ہے، پاکستان کو ناقابل یقین نقصانات کا سامنا ہے۔ اس تباہی کا اندازہ میڈیا رپورٹنگ سے نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دنیا کو یہ صورتحال دکھانا چاہتے ہیں۔ تمام ممالک کو پاکستان کی مدد کرنی چاہیے۔‘
شیخ سلطان احمد بن سولیم نے کہا کہ فوج کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں گے۔ کوشش ہوگی کہ دور دراز علاقوں تک بھی ریلیف فراہم کر سکیں۔
شیخ سلطان کا کہنا تھا کہ پاک آرمی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ پاکستان آرمی اس صورتحال میں ریلیف کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ خوراک، ادویات خیموں اور رضائیو سے لے کر کس چیز کی ضرورت پڑی فراہم کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں۔ ڈی پی ورلڈ پاکستان میں انڈسٹریل پارک بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
’مشرق بعید کے ملکوں کی صنعتیں پاکستان میں منتقل ہونے کے بھرپور امکانات ہیں۔ پاکستان میں بہترین افرادی قوت دستیاب ہے۔‘